پاکستان میں انسانی حقوق اور قانون کا منظرنامہ

newsdesk
4 Min Read

کراچی کی حبب یونیورسٹی میں جاری “امیجننگ فیوچرز کانفرنس” کے دوران ماہرین نے پاکستان میں نظامی ناانصافی پر شدید تشویش کا اظہار کیا اور قانونی و سول اداروں کو معاون اور ہمہ جہت بنانے پر زور دیا۔ کانفرنس کے سیش میں انسانی حقوق اور شہری آزادیوں سے متعلق مختلف پہلوؤں پر تفصیل سے گفتگو کی گئی، جس میں شرکاء نے نظام کے اندر موجود مسائل اور اصلاحات کی ضرورت کا جائزہ لیا۔

نیشنل کمیشن برائے انسانی حقوق کی چیئرپرسن رابعہ جاویری نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ علم سب سے بڑا سرمایہ ہے، تاہم یہاں لوگوں کو اپنے حقوق کا شعور حاصل نہیں ہے اور “سسٹم خراب ہو چکا ہے”۔ ایک سوال کے جواب میں جس میں سابق وزیراعظم بے نظیر بھٹو اور نور مقدم جیسی خواتین کے قتل کے باوجود یہ پوچھا گیا کہ کیا علم حقیقی معنوں میں تحفظ فراہم کر سکتا ہے، رابعہ جاویری نے کہا کہ تعلیم یا مہارت کے ذریعے اختیار حاصل کرنا صرف اس صورت میں کارگر ہو سکتا ہے جب تعلیمی، مالی اور عدالتی نظام اس اختیار کو تحفظ فراہم کریں۔

انہوں نے اس بات پر روشنی ڈالی کہ پاکستان میں صرف 41 فیصد خواتین ریپ کیسز رپورٹ کرتی ہیں اور ان میں سے بھی اکثر سماجی دباؤ کے باعث پیچھے ہٹ جاتی ہیں۔ حالیہ رپورٹ کے مطابق ایسے کیسز میں سزا دینے کی شرح صرف 0.5 فیصد ہے، جس پر رابعہ جاویری نے کہا: “سسٹم اتنا خراب اور ہولناک ہے کہ متاثرین کے لیے انصاف تک رسائی ناممکن سی ہو گئی ہے”۔ چیئرپرسن نے زور دیا کہ نظام کو جوابدہی کے قابل بنایا جائے اور ہر منصوبے میں انسانی حقوق کے اثرات کو مد نظر رکھا جائے جبکہ بجٹ سازی کے عمل میں منظم و صنفی نقطہ نظر اپنایا جائے۔

ان کا کہنا تھا کہ انسانی حقوق خدا کی طرف سے ملنے والے حقوق ہیں، جنہیں کوئی بھی چھین نہیں سکتا۔ رابعہ جاویری نے اپنے تجربات شیئر کرتے ہوئے ایک لرزہ خیز کیس بیان کیا، جس میں ایک ماں نے اپنی شادی شدہ نہ ہونے والی اعلیٰ تعلیم یافتہ بیٹی کو صرف اس بنیاد پر نفسیاتی مرکز بھجوا دیا کہ وہ شادی میں دلچسپی نہیں رکھتی اور پالتو بلیاں رکھتی ہے۔ اس عمل کو ایک نام نہاد ڈاکٹر نے “ڈپریشن” کا نام دیا۔

انہوں نے نشاندہی کی کہ ایسے کیسز واضح کرتے ہیں کہ اس نوعیت کے معاملات سے نمٹنے والے ادارے اور افراد کس قدر غیر تربیت یافتہ اور غیر منظم ہیں۔ ذہنی صحت کے شعبے میں مناسب قانون سازی نہ ہونے کے سبب ہر دوسرا شخص خود کو ماہر نفسیات ظاہر کرتا ہے اور باآسانی کسی بھی شخص کو “پاگل” قرار دے سکتا ہے۔ ماہرین نے اس بات پر اتفاق کیا کہ شفاف اور جوابدہ نظام کے بغیر عام شہری بالخصوص خواتین اپنے حقوق اور تحفظ کے معاملے میں شدید مشکلات کا شکار ہیں۔

Share This Article
کوئی تبصرہ نہیں ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے