بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی اسلام آباد (آئی آئی یو آئی) میں صدر پروفیسر ڈاکٹر احمد سعد الاحمد نے جا ری سر سبز مہم کے تحت ایڈمنسٹریشن بلاک کے صحن میں پودا لگا کر ماحول دوست کیمپس کے وژن کا اعادہ کیا۔ اس اقدام کا مقصد یونیورسٹی میں ماحولیاتی پائیداری کو فروغ دینا اور اقوام متحدہ کے پائیدار ترقیاتی اہداف خاص طور پر ماحولیاتی تحفظ کو اپنانا ہے۔
پودا لگانے کی تقریب میں یونیورسٹی انتظامیہ کے اہم اراکین بھی شریک ہوئے، جن میں وائس پریذیڈنٹ (ایڈمنسٹریشن و فنانس) پروفیسر ڈاکٹر عبدالرّحمان، وائس پریذیڈنٹ (ریسرچ و انٹرپرائز) پروفیسر ڈاکٹر احمد شجاع سید، ڈائریکٹر ایڈمنسٹریشن ڈاکٹر انعام الحق، ڈائریکٹر ایچ آر ایم اینڈ ڈی معطّق الرحمن چغتائی، اِنچارج فنانس نور حسین، اِنچارج پبلک ریلیشنز ڈاکٹر اسما منصور، لیگل ایڈوائزر محمد رمضان خان، ڈاکٹر سارہ امیر، ماحولیاتی سائنس ڈیپارٹمنٹ سے ڈاکٹر سدرہ اور دیگر سینیئر افسران و مالی عملہ شامل تھے۔
صدر آئی آئی یو آئی نے تقریب سے خطاب میں شعبہ ایڈمنسٹریشن اور ہارٹیکلچر کے عملے کی کوششوں کو سراہا اور کہا کہ کیمپس کی خوبصورتی میں اُن کی انتھک محنت واضح نظر آتی ہے۔ انہوں نے مالی عملے کی لگن اور محنت کا خصوصی طور پر اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ ایک سرسبز اور خوبصورت ماحول ذہن اور دل کو تازگی بخشتا ہے۔ صدر نے اس موقع پر اس بات کو بھی اجاگر کیا کہ پودا لگانا نہ صرف پیغمبرانہ سنت ہے بلکہ آئندہ نسلوں اور پوری انسانیت کی خدمت بھی ہے۔ انہوں نے طلبہ، اساتذہ اور انتظامیہ پر زور دیا کہ یونیورسٹی کی خوبصورتی اور سرسبزی سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے اور سب کو پائیدار، ماحول دوست کیمپس کے عزم میں اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔
مہم میں خواتین اسٹاف کی بھی بھرپور شرکت نظر آئی، جنہوں نے ایڈمنسٹریشن بلاک کے صحن میں پودے لگا کر اپنی اس جدوجہد کا حصہ بنایا۔ اس طرح جامعہ نے پائیدار ماحولیاتی سرگرمیوں میں تمام ملازمین کی شمولیت کو یقینی بنایا۔
"ماحول کو بچائیں، پودا لگائیں” کے سلوگن کے تحت جاری اس مہم کے ذریعے جامعہ ماحولیاتی شعور کو فروغ دینے اور عالمی ماحولیاتی اہداف (بالخصوص ایس ڈی جی 13 اور ایس ڈی جی 15) کی تکمیل میں اپنا حصہ ڈال رہی ہے۔ سرسبز مہم آئی آئی یو آئی کی ماحولیاتی بہتری، سبز طرز زندگی کے فروغ اور پاکستان کے روشن ماحولیاتی مستقبل میں مثبت کردار کی علامت ہے۔
