بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی اسلام آباد (آئی آئی یو آئی) نے جامعہ فیصل مسجد کیمپس میں اپنا 102 واں سلیکشن بورڈ اجلاس منعقد کیا، جس کی صدارت یونیورسٹی کے صدر پروفیسر ڈاکٹر احمد سعد الاحمد نے کی۔ اس اہم اجلاس میں مختلف تعلیمی شعبہ جات میں تدریسی آسامیوں کے لیے انٹرویوز لیے گئے۔
اجلاس میں وفاقی شرعی عدالت کے جج جسٹس ڈاکٹر سید محمد انور، ہائر ایجوکیشن کمیشن کے چیئرمین کے نمائندہ پروفیسر ڈاکٹر غلام رضا بھٹی، فاطمہ جناح ویمن یونیورسٹی کی وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر بشریٰ مرزا اور فاسٹ اسکول آف مینجمنٹ کی ڈین پروفیسر ڈاکٹر سعدیہ ندیم سمیت دیگر ممتاز بیرونی و اندرونی ارکان نے شرکت کی۔ یونیورسٹی کی نمائندگی پروفیسر ڈاکٹر احمد شجاع سید (وائس پریذیڈنٹ ریسرچ اینڈ انٹرپرائز)، پروفیسر ڈاکٹر رحمت الٰہی (ڈائریکٹر کیو اے ڈی) اور متعدد سینئر افسران نے کی۔
اس سلیکشن بورڈ میں شعبہ تعلیم، نفسیات، پاکستان اسٹڈیز، تاریخ، عمرانیات، ماس کمیونیکیشن، کمپیوٹر سائنس، سافٹ ویئر انجینئرنگ اور حدیث و علوم حدیث میں تعلیمی شعبوں کے لیے امیدواروں کے انٹرویوز لیے گئے۔
صدر جامعہ پروفیسر ڈاکٹر احمد سعد الاحمد نے بورڈ اراکین کی قیمتی تجاویز اور بھرپور شرکت کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کی شمولیت اور رہنمائی جامعہ کی اہداف کے حصول، شفافیت اور تعلیم میں معیار کے عزم کی غماز ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ اس قسم کے پلیٹ فارم ادارے کی ترقی اور اساتذہ کی صلاحیتوں میں اضافے کے لیے یکساں اور میرٹ کی بنیاد پر مواقع فراہم کرنے میں کلیدی کردار ادا کرتے ہیں۔
