بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی اسلام آباد کے صدر، پروفیسر ڈاکٹر احمد سعد الاحمد نے اسلامی تحقیقاتی ادارہ (آئی آر آئی) کا دورہ کیا اور ادارے کو اسلامی علوم و تحقیق اور عالمی فکر کے مرکز کے طور پر سراہا۔ اس موقع پر انہوں نے ادارے کی تاریخی گیلری، مختلف شعبہ جات، ڈاکٹر حمید اللہ لائبریری میں نایاب کتب و قدیم مخطوطات کے حصے اور ادارے کے پریس کا تفصیلی مشاہدہ کیا۔
ڈائریکٹر جنرل آئی آر آئی، پروفیسر ڈاکٹر محمد ضیاء الحق نے معزز مہمان کو خوش آمدید کہا اور ادارے کی تاریخ، پیغامِ پاکستان اقدام، حالیہ سہولیات اور اسلامی علوم کے فروغ میں آئی آر آئی کی خدمات کے بارے میں آگاہ کیا۔ ڈاکٹر احمد سعد الاحمد نے ادارے میں رکھے گئے نایاب مخطوطات اور مشہور مسلم سائنسدانوں و علماء جیسے البیرونی، الخوارزمی کی علمی تصانیف کے ساتھ ساتھ خوبصورت عربی خطاطی کے نمونوں میں گہری دلچسپی ظاہر کی۔ انہوں نے اس بات کو اجاگر کیا کہ یہ ذخیرہ نہ صرف مسلم دنیا کے علمی ورثے کے تحفظ کے لئے اہم ہے، بلکہ جدید عالمی فکری مباحث سے ربط پیدا کرنے کا بھی باعث بنتا ہے۔
صدر جامعہ نے کہا کہ ایسے شاندار علمی خزانے موجودہ دور میں اسلامی تحقیقات کو نئی جہتیں فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ علمی مکالمے کے فروغ کا ذریعہ بن رہے ہیں۔ انہوں نے بعد از ڈاکٹریٹ اسکالرز سے ملاقات کی، ان کی تحقیقی کوششوں کو سراہا اور ادارے کے معیار، تحقیق میں اخلاص اور تعلیمی وژن کی تعریف کی جن کی بدولت آئی آر آئی اسلامی علمی ورثے کے تحفظ اور نئے علم کے فروغ میں کلیدی کردار ادا کر رہا ہے۔
ڈاکٹر احمد سعد الاحمد نے آئی آر آئی کے تاثراتی رجسٹر میں ادارے کے عمدہ انتظام، علمی ماحول اور فکری میدان میں اس کے مثبت کردار کی بھی تعریف کی۔ یادگاری موقع پر پروفیسر ڈاکٹر محمد ضیاء الحق نے انہیں ادارے کی اشاعتوں کا تحفہ اور یادگاری سووینئر پیش کیا۔
