وفاقی وزیر تعلیم نے آئی بی سی سی کسٹمر کیئر ڈیسک کا افتتاح کردیا
اسلام آباد میں وفاقی وزیر تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت نے انٹر بورڈ کمیٹی آف چیئرمین (IBCC) کے کسٹمر کیئر ڈیسک کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر ایگزیکٹو ڈائریکٹر ڈاکٹر غلام علی ملاح بھی موجود تھے۔ افتتاح کے دوران وزیر موصوف کو آئی بی سی سی کی حالیہ اصلاحات کے بارے میں بریفنگ دی گئی جن میں سنٹرلائزڈ اٹی سٹیشن و ایکویلینس پورٹلز، ماڈل اسیسمنٹ فریم ورک، یکساں گریڈنگ سسٹم و کلینڈر، ڈیجیٹل ویریفیکیشن، ون لنک پیمنٹ سسٹم اور پیئرسن، آکسفورڈ اے کیو اے اور ای سی سی ٹی آئی ایس جیسے بین الاقوامی اداروں کے ساتھ شراکت داری شامل ہیں۔
آئی بی سی سی کا نیا کسٹمر کیئر ڈیسک طلبہ کو ان کی اسناد کی تصدیق اور مساوات کے حوالے سے شکایات کے فوری، شفاف اور سہل حل کی فراہمی کو یقینی بنائے گا۔ وفاقی وزیر نے اس اقدام پر اطمینان اور تعریف کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ علم مومن کی کھوئی ہوئی میراث ہے اور جدید دور کے تقاضوں کے مطابق طلبہ کو سہولیات فراہم کرنا ہماری اولین ذمہ داری ہے۔ اس پورٹل کے افتتاح کے بعد طلبہ کو اپنے مسائل کے حل کے لیے غیر ضروری رکاوٹ یا تاخیر کا سامنا نہیں کرنا پڑے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ یہ قدم ڈیجیٹل دور کے تقاضوں کو پورا کرتا ہے اور میں آئی بی سی سی کی اس ٹیکنالوجی پر مبنی کوشش کو سراہتا ہوں جس سے لاکھوں طلبہ کو مؤثر اور شفاف خدمات میسر آئیں گی۔
