اسلام آباد میں جاپان اور امریکہ کے دفاعی اتاشیوں نے مل کر ہیروشیما امن یادگار تقریب کا انعقاد کیا۔ اس تقریب میں شرکاء نے ہیروشیما کے متاثرین کی یاد میں خاموشی اختیار کی اور ایٹمی ہتھیاروں سے پاک دنیا کی اہمیت کو اجاگر کیا گیا۔
تقریب میں جاپان کے دفاعی اتاشی کرنل آبی اور امریکہ کے دفاعی اتاشی دفتر کے نمائندوں نے مشترکہ طور پر میزبانی کے فرائض سرانجام دیے۔ اس موقع پر دونوں ممالک کے نمائندوں نے اس بات پر زور دیا کہ ایٹمی ہتھیاروں سے پاک، پرامن دنیا کے قیام کے لیے اجتماعی کوششیں ناگزیر ہیں۔
شرکاء نے اس موقع پر ہیروشیما میں ہونے والے جانی نقصان کو خراج عقیدت پیش کیا اور اس بات کی ضرورت پر روشنی ڈالی کہ مستقبل میں ایسی ہولناکیاں دوبارہ نہ دہرائی جائیں۔ اس تقریب نے عالمی سطح پر امن کے پیغام کو مضبوط کرنے اور ایٹمی ہتھیاروں کے خاتمے کی حمایت کو فروغ دینے کے عزم کی تجدید کی۔
