سید مصطفیٰ کمال نے ڈاؤ یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز میں واقع ویکسینیشن سینٹر اور ریسرچ لیب کا آج معائنہ کیا۔ دورے کے دوران انھوں نے سنٹر کی کارروائیوں اور لیب میں جاری تحقیقی کام کا تفصیلی مشاہدہ کیا اور انتظامی ٹیم سے بریفنگ لی۔وفاقی وزیر نے مقامی طور پر تیار کی جانے والی ویکسین اور اس پر جاری تحقیق کی ستائش کی اور پاکستان میں لوکل ویکسین کی تیاری کے لیے اپنے پختہ عزم کا اعادہ کیا۔وزیر نے کہا کہ تحقیق کو فروغ دینا اور مقامی صلاحیتیں مضبوط کرنا قومی ترجیحات میں شامل ہیں اور اس سلسلے میں ہر ممکن توجہ دی جائے گی۔انہوں نے ویکسینیشن سینٹر اور ریسرچ لیب کو بین الاقوامی معیار کے مطابق فعال اور خوش آئند قرار دیا اور متعلقہ عملے کی محنت کو سراہا۔ اس موقع پر پروفیسر افتخار (پرنسپل ڈاؤ انٹرنیشنل میڈیکل کالج)، پروفیسر ڈاکٹر اظہار (ہیڈ آف ریسرچ سینٹر)، پروفیسر ڈاکٹر اشرفاق (رجسٹرار ڈاؤ یونیورسٹی) اور ڈاکٹر خاور محدی بھی موجود تھے اور انھوں نے جاری منصوبوں اور تجرباتی کام کی تفصیل پیش کی۔وزیر نے ریسرچ ٹیم کی کوششوں کو اہم قرار دیتے ہوئے کہا کہ لوکل ویکسین کے ذریعے ملک میں ویکسین سازی کی صلاحیت بڑھائی جا سکتی ہے اور اس کے لیے مسلسل تحقیق اور تعاون درکار ہوگا۔ دورے کے دوران ادویہ سازی اور ویکسینیشن کے عمل کے معیار پر خصوصی توجہ دی گئی۔
