لاہور میں وفاقی محتسب برائے انسداد ہراسگی کے زیراہتمام فیڈرل بورڈ آف ریونیو میں ایک اہم آگاہی سیشن منعقد ہوا جس میں کام کی جگہ پر ہراسگی سے پاک ماحول کی اہمیت، ملازمین کے حقوق و ذمہ داریاں اور انسداد ہراسگی کے قانون 2010 کے بارے میں تفصیل سے آگاہی دی گئی۔
اس نشست کی قیادت ریجنل ایڈوائزر محترمہ لبنیٰ علی اور اسسٹنٹ لا آفیسر جناب شازیب اقبال نے کی۔ شرکاء کو بتایا گیا کہ ایک مثالی اور ہراسگی سے پاک دفتر کا مطلب ہے کہ ہر فرد کو تحفظ، عزت اور احترام حاصل ہو۔ اس ضمن میں کام کی جگہ پر محفوظ اور باعزت ماحول برقرار رکھنے کے عملی اقدامات اور ضروری تدابیر پر روشنی ڈالی گئی۔
تقریب کے دوران انسداد ہراسگی قانون کے مختلف پہلوؤں اور ورک پلیس پر اس کے اطلاق کے بارے میں بھی بتایا گیا۔ ماہرین نے اس بات پر زور دیا کہ تمام ملازمین کو چاہیے کہ وہ نہ صرف اپنی ذمہ داریاں پوری کریں بلکہ ایسے مسائل کو نظر انداز کرنے کے بجائے کھلے انداز میں بات کریں اور ادارہ جاتی سطح پر بہتری و خوشگوار ماحول کے قیام میں اپنا کردار ادا کریں۔
اجلاس میں شرکت کرنے والوں نے اس کوشش کو سراہتے ہوئے کہا کہ ایسی سرگرمیاں نہ صرف آگاہی میں اضافے کا سبب بنتی ہیں بلکہ ملازمین کے اعتماد کو بھی فروغ دیتی ہیں، جس سے دفاتر میں ایک دوستانہ اور محفوظ ماحول تشکیل دینے میں مدد ملتی ہے۔
