چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی کے کزن اور سابق وفاقی وزیر سید تنویر الحسن گیلانی کی وفات پر ملک بھر سے سیاسی و سماجی شخصیات نے ان سے تعزیت کی۔ مختلف پارلیمنٹیرینز، اہم حکومتی عہدیداران اور دیگر شعبہ جات سے وابستہ افراد نے چیئرمین سینیٹ کی سرکاری رہائش گاہ پر جا کر افسوس کا اظہار کیا اور مرحوم کے لیے دعائے مغفرت کی گئی۔
اس موقع پر گورنر بلوچستان شیخ جعفر خان مندوخیل، گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر، وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی خالد مگسی، اسپیکر بلوچستان اسمبلی، سینیٹرز اور ارکان قومی اسمبلی سمیت پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما سید خورشید احمد شاہ اور نواب افتخار احمد سمیت دیگر اہم شخصیات نے شرکت کی۔ پیر آف گولڑہ شریف کے صاحبزادے نے بھی خصوصی طور پر فاتحہ خوانی کرائی۔
ملاقاتوں کے دوران شرکا نے کہا کہ وہ اس دکھ کی گھڑی میں چیئرمین سینیٹ اور ان کے خاندان کے ساتھ مکمل ہمدردی رکھتے ہیں۔ انہوں نے اللہ تعالیٰ سے دعا کی کہ مرحوم کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا ہو اور ان کے اہل خانہ کو صبر اور حوصلہ عطا کرے۔ فاتحہ خوانی اور دعاؤں کے اس اجتماع میں مرحوم کی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا گیا اور ان کے ایصال ثواب کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں۔
