چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی نے ملتان میں سینئر صحافیوں سے ملاقات کے دوران ملکی صورتحال، صحافت کے مسائل اور حالیہ سیلاب کے چیلنجز پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کی جانب سے کسی بھی قسم کا حملہ ناقابل برداشت ہے اور پاکستان نے ہر بار صرف دفاعی انداز میں جواب دیا۔ پاکستان نے عالمی سطح پر بھارتی پروپیگنڈے کو مؤثر انداز میں بے نقاب کیا ہے۔
یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ مشکل حالات میں صحافیوں نے بڑی ذمہ داری سے رپورٹنگ کی اور وہ صحافیوں کے حقوق کے تحفظ کے لیے قانون سازی کریں گے۔ انہوں نے سینئر صحافیوں اور میڈیا کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ فیک نیوز اور سنسنی خیزی نے میڈیا کی ساکھ کو نقصان پہنچایا ہے، اس لیے پیشہ ورانہ صحافت کی ضرورت پہلے سے کہیں زیادہ ہے۔
چیئرمین سینیٹ نے صوبائی حکومتوں، عوامی نمائندوں، پاک فوج، انتظامیہ اور فلاحی تنظیموں کو امدادی سرگرمیوں پر خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ سیلاب کے باعث ہونے والے نقصانات پر انہیں شدید تشویش ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ قومی یکجہتی اور مشترکہ کوششیں ہی اس بحران سے نکلنے کا واحد راستہ ہیں۔ انہوں نے اہلِ خیر، فلاحی تنظیموں اور عوام سے اپیل کی کہ وہ آگے بڑھ کر سیلاب متاثرین کی مدد کریں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ دہشت گردی، معاشی مشکلات اور گورننس پاکستان کے اہم چیلنجز ہیں، لیکن قوم نے ہر بار مشکلات کا بہادری سے مقابلہ کیا ہے۔ اس سال پنجاب کو شدید سیلاب کا سامنا کرنا پڑا ہے جس سے بہت سے علاقے متاثر ہوئے ہیں۔
یوسف رضا گیلانی نے اس موقع پر یہ بھی بتایا کہ انجمن اسلامیہ ملتان سو سال سے عید میلاد النبی ﷺ کا اہتمام کرتی آرہی ہے اور اس بار یہ جشن سرکاری سطح پر بھی منایا جا رہا ہے۔
