شارپ میں جرمن سفارتخانے کے وفد کا دورہ

newsdesk
3 Min Read
شارپ میں جرمن سفارت کے وفد نے استقبالیہ مرکز کا دورہ کیا اور پناہ گزین حقوق، قانونی امداد، خواتین اور بچوں کے تحفظ پر بات چیت کی

محترمہ ویولیٹا کوزمووا آنند، سیکرٹری برائے ہجرت و پناہ گزین، انسانی حقوق اور حکمرانی قانون اور محترمہ پیٹرا شمیڈٹ، پراجیکٹ آفیسر، وفاقی جمہوریہ جرمنی کے سفارتخانے اسلام آباد کے نمائندہ وفد نے شارپ کا باضابطہ دورہ کیا، جہاں انہیں چیرمین لیاقت بانوری، چیف ایگزیکٹو آفیسر مدثر جاوید اور پراجیکٹ ڈائریکٹر عاطف افضل نے پرتکلف انداز میں خوش آمدید کہا۔مدثر جاوید نے شارپ کے مشنز، منصوبوں اور آپریشنل فریم ورک کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی اور وفد کو استقبالیہ مرکز کی سیر کرائی گئی جہاں پناہ گزینوں اور کمزور کمیونٹیز کے لیے بر وقت فرائض اور فرسٹ لائن خدمات کا مشاہدہ کروایا گیا۔ اس دوران پناہ گزین حقوق کی فراہمی، قانونی امداد اور فیلڈ لیول پر خدمات کی اہمیت واضح طور پر سامنے آئی۔چیئرمین لیاقت بانوری نے جاری ملک بدر اور بارڈر چیلنجز، واپسی کے قانونی راستوں کی کمی، اور پناہ گزینوں کی بروقت حفاظت کے مسائل پر گفتگو کی۔ انہوں نے شارپ کی ۲۶ سالہ وابستگی کا اعادہ کیا جس میں قانون نافذ کرنے والے اداروں، عدلیہ اور سرکاری اداروں کے ساتھ شعور اجاگر کرنے اور صلاحیت سازی کا مستقل کام شامل ہے اور خاص طور پر قانونی شعبے میں خواتین کے بااختیار بنانے پر زور دیا گیا۔پراجیکٹ ڈائریکٹر عاطف افضل نے نوجوانوں کو پرفارمنگ آرٹس کے ذریعے شامل کرنے، بچوں کی اسمگلنگ کی روک تھام اور کمیونٹی پر مبنی جدید طریقوں کے ذریعے پروٹیکشن چیلنجز سے نمٹنے کے منصوبوں کے بارے میں تفصیلات شیئر کیں۔ انہوں نے بتایا کہ مقامی برادریوں کی شرکت کے بغیر پناہ گزین حقوق کے تحفظ اور بچوں کے تحفظ کے تدارک میں دیرپا نتائج حاصل نہیں ہو سکتے۔محترمہ ویولیٹا کوزمووا آنند نے شارپ کی قانونی امداد اور ہمدردانہ معاونت کی کاوشوں کو سراہا اور ایسے شراکت داریاں بنانے کی اہمیت پر زور دیا جو دیرپا اثرات مرتب کریں۔ ملاقات میں دونوں جانب سے خواتین کے قانونی شعبے میں بااختیار بنانے، بچوں کے تحفظ کے اقدامات اور ہجرتی معاونت کے طریقہ کار جیسے باہمی دلچسپی کے امور پر تعمیری مکالمے ہوئے اور مستقبل میں تعاون کے مزید راستوں کو تلاش کرنے کا عزم دہرایا گیا۔

Share This Article
کوئی تبصرہ نہیں ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے