اسلام آباد میں چیئرمین اوگرا مسرور احمد خان اور صدر ایف پی سی سی آئی عاطف اکرام شیخ کی ملاقات میں گیس کے بلوں کی مد میں صنعتی شعبے سے پچاس ارب روپے کی وصولی جیسے اہم اور سنجیدہ معاملے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس ملاقات میں ملک بھر کی کاروباری برادری، اوگرا کے اراکین سمیت دیگر اسٹیک ہولڈرز نے بھی شرکت کی۔
صدر ایف پی سی سی آئی عاطف اکرام شیخ نے چیئرمین اوگرا کو صنعتوں کو درپیش بڑھتے ہوئے مسائل سے آگاہ کیا اور کہا کہ ایس این جی پی ایل کی جانب سے صنعتی شعبے پر اربوں روپے کے واجب الادا بل ڈالنا معیشت کے لیے تشویشناک ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ صنعتوں کو بحال کرنے کے لیے مؤثر اور مثبت حکمت عملی اپنائی جائے۔
اس موقع پر چیئرمین اوگرا مسرور احمد خان نے کہا کہ ملک کے معاشی مسائل کے حل کے لیے بزنس کمیونٹی اور انڈسٹری کا کلیدی کردار ہے اور تمام اسٹیک ہولڈرز کو مل بیٹھ کر مشترکہ حل نکالنا ہوگا۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ اوگرا ایک ریگولیٹری ادارے کی حیثیت سے صنعتی اور گھریلو صارفین کے مفادات کا تحفظ کرے گا۔ اوگرا صارفین پر اضافی بوجھ کم کرنے کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہا ہے تاکہ کاروباری طبقے اور عام شہریوں دونوں کو ریلیف فراہم کیا جاسکے۔
