پاکستان ایجوکیشن فاؤنڈیشن کے زیر اہتمام اسلام آباد میں غریب اور مستحق مریضوں کے لیے ایک روزہ مفت طبی کیمپ کا انعقاد کیا گیا، جس میں سینکڑوں بچوں اور خواتین کا چیک اپ کیا گیا۔ اس موقع پر فاؤنڈیشن کے چیئرمین ڈاکٹر شفقت علی جنجوعہ نے صحت مند معاشرے کی تشکیل میں صحت مند افراد کے کردار کو اجاگر کیا اور سب کو ملک کی تعمیر و ترقی میں سرگرم حصہ لینے پر زور دیا۔
ڈاکٹر شفقت علی جنجوعہ نے افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ایجوکیشن فاؤنڈیشن گزشتہ چار دہائیوں سے اپنے نصب العین اور مقاصد کے تحت عوامی خدمت میں مصروف عمل ہے۔ انہوں نے مرکزی اور صوبائی عہدیداران کو نصیحت کی کہ تعلیمی اور فلاحی سرگرمیوں میں مزید اضافہ کیا جائے تاکہ زیادہ سے زیادہ افراد مستفید ہوسکیں۔
ڈاکٹر شفقت علی جنجوعہ نے بیرون ملک سے آئے ہوئے ڈاکٹر ارشد آرائیں اور ڈاکٹر مریم جمیل کی رضاکارانہ خدمات کو خصوصی طور پر سراہا، جن کے تعاون سے اس فری میڈیکل کیمپ میں سینکڑوں افراد کا مفت طبی معائنہ ممکن ہوا۔ کیمپ کی شاندار تیاریوں اور انتظامات کے معائنہ کے لیے سنئیر وائس چیئرمین محمد لطیف قریشی، سیکرٹری ندیم احمد چوہدری، پبلسٹی سیکرٹری ڈاکٹر محمد افضل بابر، کنوینئر راولپنڈی اسلام آباد ڈاکٹر احسان محمود، سیکرٹری ڈاکٹر مقصود احمد، میڈم زیبا، میڈم فریدہ یاسمین، حافظ محمد ارشد و دیگر ارکان بھی موجود تھے۔
تقریب میں شریک مہمانوں نے فاؤنڈیشن کی جانب سے کیے جانے والے تسلی بخش انتظامات کو سراہا اور آئندہ بھی ایسے فلاحی پروگراموں کے تسلسل کی تجویز پیش کی۔ اختتام پر چیئرمین ڈاکٹر شفقت علی جنجوعہ نے اہل علاقہ اور میڈیکل ٹیم کا تشکر ادا کیا، جن کے باہمی تعاون سے درجنوں خاندانوں کو مفت علاج کی فراہمی ممکن ہو سکی۔
