سیلاب زدگان کے لئے ہنگامی طبی امداد فراہم کرنے کی ہدایت

newsdesk
2 Min Read
Copy of Copy of ut Time - 1

وفاقی وزیر صحت مصطفیٰ کمال نے خیبر پختونخوا اور گلگت بلتستان کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں کے لیے فوری طور پر ایمرجنسی طبی امداد فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تمام متاثرہ اضلاع تک ادویات، ویکسین اور ضروری صحت کی سہولیات جلد از جلد پہنچائی جائیں، تاکہ مشکل کی اس گھڑی میں عوام کو کوئی کمی محسوس نہ ہو۔

وزیر صحت نے اس بات پر زور دیا کہ وزارت صحت نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) اور صوبائی حکومتوں کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہے اور متاثرین کے لیے انتہائی تیز رفتاری سے ریلیف کے اقدامات اٹھائے جارہے ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ متاثرہ خاندانوں کو فوری طور پر ہیلتھ کی سہولیات فراہم کی جائیں اور حکومت اس مشکل وقت میں ان کے ساتھ کھڑی ہے۔

مصطفیٰ کمال کے مطابق، طبی سامان کی پہلی کھیپ متاثرہ علاقوں روانہ کر دی گئی ہے، جس میں دو لاکھ پچاس ہزار یونٹس پانچ بیماریوں سے بچاؤ کی ویکسین، ڈیڑھ لاکھ خسرہ و روبیلا ویکسین، دو لاکھ اکیانوے ہزار پانچ سو سرنجز، اور تین ہزار سیفٹی بکسز شامل ہیں۔ مزید یہ کہ تیس ہزار ملیریا ٹیسٹنگ کٹس، ساٹھ ہزار پرائماکوئین ٹیبلٹس اور دس ہزار خصوصی مچھر دانیاں بھی بھیجی گئی ہیں تاکہ بیماریوں کے پھیلاؤ پر قابو پایا جاسکے۔

وزارت صحت کا کہنا ہے کہ تمام متعلقہ ادارے اس ایمرجنسی صورت حال کو نمٹانے کے لیے الرٹ ہیں اور صوبائی حکام کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہیں۔ مصطفیٰ کمال نے سیلاب متاثرین کو یقین دہانی کرائی ہے کہ انہیں اس بحران میں ہرگز تنہا نہیں چھوڑا جائے گا اور حکومت کی جانب سے طبی امداد اور تعاون کا سلسلہ جاری رہے گا۔

Share This Article
کوئی تبصرہ نہیں ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے