ایف آئی اے لاہور کی انسداد انسانی اسمگلنگ میٹنگ

newsdesk
2 Min Read

فیڈرل انوسٹیگیشن ایجنسی (ایف آئی اے) لاہور زون کے ہیڈکوارٹر میں انسداد انسانی اسمگلنگ سرکل کی کرائم میٹنگ منعقد ہوئی، جس میں سرکل کی کارکردگی اور جاری تفتیشی امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا اور زیر التواء مقدمات کی جلد انجام دہی، منظم گروہوں کے خلاف انٹیلی جنس بنیاد کارروائیاں اور ملزمان کی گرفتاریوں کے لیے فوری اقدامات کی ہدایات جاری کی گئیں۔

میٹنگ میں انسداد انسانی اسمگلنگ سرکل کے انچارج نے سرکل کی کارکردگی اور جاری تحقیقات پر مفصل بریفنگ دی، جس میں گزشتہ کارروائیوں، موجودہ فائلوں کی حیثیت اور درپیش چیلنجز کا جائزہ شامل تھا۔ بریفنگ میں کشتی حادثات، بیرونِ ملک بھیک منگوانے اور جبری مشقت سے متعلق معاملات پر خصوصی توجہ دی گئی۔

ڈائریکٹر ایف آئی اے لاہور نے مجموعی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے زیر التواء انکوائریوں اور تفتیشی مقدمات کو جلد از جلد میرٹ کی بنیاد پر مکمل کرنے کی واضح ہدایت جاری کی۔ ہدایت کی گئی کہ ہائی پروفائل کیسز میں کسی قسم کی تاخیر یا رعایت ہرگز برداشت نہ کی جائے۔

انہیں ہدایت کی گئی کہ انسانی اسمگلنگ اور کشتی حادثات میں ملوث منظم گروہوں کے خلاف انٹیلیجنس بیسڈ کاروائیاں یقینی بنائی جائیں اور ملزمان کی گرفتاری کے لیے تمام تر دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں۔ جبری مشقت اور بیرونِ ملک بھیک منگوانے میں ملوث عناصر کے خلاف بھرپور کریک ڈاؤن شروع کرنے کی ہدایت بھی دی گئی۔

ادارہ جاتی ساکھ اور عملی کارکردگی کو بہتر بنانے کے لیے نئے اقدامات متعارف کروانے پر زور دیا گیا اور اجلاس میں ایف آئی اے کے افسران کی پیشہ ورانہ تربیت خصوصاً حالیہ بھرتی شدہ افسران کی صلاحیتوں میں اضافہ کے لیے اقدامات اپنانے کی سفارش کی گئی۔

میٹنگ کے اختتام پر ترجمان ایف آئی اے نے بتایا کہ ان ہدایات پر فوری عملدرآمد یقینی بنایا جائے گا اور متاثرہ افراد کے تحفظ اور مجرمان کے خلاف موثر کاروائی جاری رکھی جائے گی۔

Share This Article
کوئی تبصرہ نہیں ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے