فیڈرل اردو یونیورسٹی کا شاندار کانوکیشن، وزیر مملکت وجیہہ قمر کا خطاب — جامعہ اردو اعلیٰ تعلیم میں قومی کردار مضبوط بنا رہی ہے
اسلام آباد (عثمان جبار) — فیڈرل اردو یونیورسٹی آف آرٹس، سائنس اینڈ ٹیکنالوجی اسلام آباد میں ایک پروقار، شاندار اور یادگار جلسہ عطائے اسناد (کانوکیشن) منعقد ہوا، جس میں طلبہ و طالبات کو ڈگریاں اور امتیازی کارکردگی پر میڈلز عطا کیے گئے۔ جامعہ اردو نے اپنے قومی نعرے “قومی ترقی کا راز، قومی زبان میں تعلیم” کے عزم کے ساتھ ایک مثالی تقریب کا انعقاد کیا۔
تقریب کی صدارت وزیر مملکت برائے تعلیم وجیہہ قمر نے کی، جنہوں نے اپنے خطاب میں کہا کہ فیڈرل اردو یونیورسٹی تعلیم و تحقیق میں نمایاں کردار ادا کر رہی ہے اور اعلیٰ تعلیم کے میدان میں اپنا قومی نقش مضبوط بنا رہی ہے۔ انہوں نے وائس چانسلر اور فیکلٹی کی کاوشوں کو سراہا اور اعلان کیا کہ جامعہ اردو کے مالی بحران کے حل کے لیے حکومت اقدامات کرے گی۔
تقریب میں اراکینِ قومی اسمبلی انجم عقیل، جمال رئیسانی اور فتح اللہ بطور مہمانانِ خصوصی شریک ہوئے۔ تقریب میں وائس چانسلر ڈاکٹر ضابطہ شنواری، انچارج کیمپس ڈاکٹر صبا بشیر، ایڈیشنل انچارج علیم رضا اور دیگر فیکلٹی ممبران جلوس کی صورت میں مہمانوں کو پنڈال تک لے کر آئے۔
ڈاکٹر ضابطہ شنواری نے اپنے خطاب میں کہا کہ جامعہ اردو نے ملک کے بڑے دانشور پیدا کیے ہیں، اور اب یہ خوشی کی بات ہے کہ فیڈرل اردو یونیورسٹی عالمی رینکنگ میں شامل ہو گئی ہے۔ انہوں نے فارغ التحصیل طلبہ کو کامیابی پر مبارکباد دی۔
ڈاکٹر صبا بشیر کا کہنا تھا کہ اس کانوکیشن نے طلبہ اور اساتذہ دونوں میں نیا جذبہ پیدا کیا ہے۔ ان کے مطابق، تقریب کا کامیاب انعقاد شیخ الجامعہ ڈاکٹر ضابطہ شنواری کی شب و روز محنت کا نتیجہ ہے۔
کانوکیشن کی نظامت ایڈیشنل رجسٹرار علیم رضا، ڈین فیکلٹی آف الیکٹریکل انجینئرنگ ڈاکٹر راحت اور دیگر سینئر فیکلٹی ممبران نے انجام دی۔ تقریب کے اختتام پر شیخ الجامعہ نے اعلان کیا کہ اسلام آباد کیمپس کا اگلا کانوکیشن اگلے سال منعقد کیا جائے گا۔
