ایچ ای سی فیکلٹی ڈویلپمنٹ پروگرام سے 300 یونیورسٹی اساتذہ مستفید
اسلام آباد، 7 اپریل، 2026: ہائرایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) پاکستان کا فیکلٹی ڈویلپمنٹ پروگرام (ایف ڈی پی) ملک میں تعلیمی اور تحقیقی ماحول کو مستحکم بنا رہا ہے، اسکالرشپ سے اب تک یونیورسٹی کے تقریبا 300 فیکلٹی اراکین کی پیشہ ورانہ صلاحیت میں اضافہ کیا گیا ہے۔
تقریباً 110 اسکالرز نے کامیابی کے ساتھ پی ایچ ڈی کی ڈگریاں مکمل کر لی ہیں اور اب وہ قومی تحقیق، جدت طرازی اور پاکستان کے اعلیٰ تعلیم کے شعبے کی مجموعی بہتری کے لیے سرگرم کردار ادا کر رہے ہیں۔
ایچ ای سی نے 2017 میں ایف ڈی پی کا آغاز کیا تاکہ یونیورسٹی کے فیکلٹی کو مختلف شعبوں میں وظائف کی پیشکش کی جا سکے۔ پروگرام کا مقصد جامعات کے اساتذہ کی تدریسی اور تحقیقی صلاحیتوں کو بین الاقوامی معیارات کے مطابق بڑھانا ہے۔ ایچ ای سی اس اقدام کے تحت اب تک 300 کے قریب وظائف دے چکا ہے، جس میں بیچ ون میں 57، بیچ ٹو میں 84، بیچ تھری میں 137 اور بیچ فور میں 17 وظائف شامل ہیں۔
فیکلٹی اراکین جو کم از کم 18 سال کی تعلیم کے ساتھ ماسٹر ڈگری رکھتے ہیں اس اقدام سے مستفید ہونے کے اہل ہیں۔ اس پروگرام کے تحت اسکالرز کو پاکستان میں اپنی ڈاکٹریٹ کی تحقیق شروع کرنے کی ضرورت ہوتی ہے اور اپنی تعلیم کے مناسب مرحلے پر چھ سے بارہ ماہ کی ریسرچ پلیسمنٹ کے لیے بیرون ملک جانا ہوتا ہے۔ اس عرصے کے دوران اسکالرز کیو ایس ورلڈ یونیورسٹی رینکنگ کی ٹاپ 200 اداروں میں شامل جامعات میں بین الاقوامی شہرت یافتہ فیکلٹی کی نگرانی میں جدید تحقیق کرتے ہیں۔
ایف ڈی پی کے ذریعے ایچ ای سی ملک بھر کی سرکاری اور نجی شعبے کی یونیورسٹیوں میں خدمات انجام دینے والے فیکلٹی ممبران کی پیشہ ورانہ اور تعلیمی صلاحیت کو مضبوط بنانے کے لیے پُرعزم ہے۔
