ایتھوپیا کے وفد کا پاکستان کے لیے روانگی سے قبل شاندار الوداعی پروگرام
ایتھوپین وفد اسلام آباد، کراچی اور لاہور میں "پلانٹ فرٹرنٹی” اقدام شروع کرنے کے لیے ادیس ابابا سے پاکستان روانہ ہو گیا ہے۔ اس وفد کی روانگی سے قبل ادوا میوزیم میں ایک شاندار الوداعی تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں ایتھوپیا کے وزیر مملکت برائے کابینہ اور سیکٹر اوورسائٹ، اکللو تادیسے، پاکستان کے سفیر عاطف شریف میاں، افریقہ یونین، اقوام متحدہ کی اکنامک کمیشن برائے افریقہ کے نمائندوں اور دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔
"پلانٹ فرٹرنٹی” اقدام دونوں ممالک کے درمیان ماحولیاتی تعاون کے قیام اور تعلقات مضبوط بنانے کے لیے شروع کیا گیا ہے۔ یہ منصوبہ وزیراعظم ایتھوپیا ڈاکٹر ابی احمد علی کی گرین لیگیسی انیشی ایٹو کے تحت عمل میں لایا جا رہا ہے۔ اس دورے کی نگرانی اسلام آباد میں واقع ایتھوپین سفارتخانہ کر رہا ہے، جس کا مقصد ایتھوپیا کے قومی گرین لیگیسی انیشی ایٹو کی کامیابیوں کو پاکستان کے ساتھ شیئر کرنا ہے۔
ایتھوپین وفد اپنے ملک کے مقامی پودوں کے پودے ساتھ لے کر پاکستان آیا ہے، جو متعدد سرکاری اور غیر سرکاری اداروں کے تعاون سے مختلف ماحولیاتی تقریبات میں حصہ لے گا۔ ان تقریبات میں گرین ڈائیلاگ اور اجتماعی پودا لگانے کی مہمات شامل ہیں، جن کا انعقاد اسلام آباد میں ایتھوپیا کے سفارت خانے کی جانب سے سینیٹ آف پاکستان، کامسٹیک، کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی، حکومت پنجاب وسندھ، گورنر ہاؤس سندھ، ایتھوپین ایئرلائنز اور بخاری گروپ سمیت مختلف اسٹیک ہولڈرز کے تعاون سے کیا جائے گا۔
یہ اقدام دونوں ممالک کے درمیان ماحول دوست تعلقات کو فروغ دینے کے لیے اہم سنگ میل ثابت ہوگا۔
