ایتھوپیا کے سفیر کی لاہور میں شجر کاری مہم، دوطرفہ تعاون کے فروغ پر زور
ایتھوپیا کے سفیر، ڈاکٹر جمال بکر عبداللہ نے لاہور میں "پلانٹ فرٹیئرنٹی” کے تحت شجر کاری مہم کا آغاز کیا۔ اس مہم کا مقصد پاکستان اور ایتھوپیا کے درمیان ماحولیاتی تعاون کے ذریعے دوستی اور بھائی چارے کو فروغ دینا ہے۔ شجر کاری مہم کا انعقاد پارکس اینڈ ہارٹیکلچر اتھارٹی، لاہور اور حکومت پنجاب نے ایتھوپیا کے سفارتخانے اسلام آباد کے تعاون سے کیا۔
اس تقریب میں صوبائی وزیر برائے ہاؤسنگ، اربن ڈیولپمنٹ اور پبلک ہیلتھ انجینئرنگ بلال یاسین مہمان خصوصی تھے۔ ان کے علاوہ ایتھوپیا سے آئے ہوئے اعلی سطحی وفد، حکومت پاکستان کے افسران، ماہرین ماحولیات، نوجوانوں، میڈیا اور سول سوسائٹی کے نمائندوں نے بھی بھرپور شرکت کی۔
تقریب میں ایتھوپین سفیر نے معزز وزیر بلال یاسین کو دونوں ملکوں کے درمیان باہمی تعاون کے فروغ اور ماحول دوست اقدامات پر "گرین لیگیسی ایوارڈ” بھی پیش کیا۔ تقریب میں ایتھوپیا اور پاکستان کے تعلقات کو مزید مضبوط بنانے اور ماحول کی بہتری کے لیے مشترکہ کوششیں جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔
