ای او بی آئی پنشن اور او پی ایف ملازمین کی تنخواہوں میں اضافہ

3 Min Read

اسلام آباد:(ندیم تنولی) ایمپلائز اولڈ ایج بینیفٹس انسٹی ٹیوشن (ای او بی آئی) کے پنشنرز کی ماہانہ پنشن میں پندرہ فیصد اضافہ کر دیا گیا ہے، جو یکم جنوری 2025 سے نافذ العمل ہوگا۔ اسی دوران اوورسیز پاکستانی فاؤنڈیشن (او پی ایف) کی تعلیمی اداروں کے تمام کنٹریکٹ ملازمین کی کم از کم تنخواہ 37 ہزار روپے ماہانہ مقرر کر دی گئی ہے، حالانکہ رواں مالی سال 2023-24 میں ادارے کو 56 کروڑ 10 لاکھ روپے کا خسارہ برداشت کرنا پڑا ہے۔ یہ اعلانات وفاقی وزیر برائے اوورسیز پاکستانی و ہیومن ریسورس ڈویلپمنٹ، چوہدری سالک حسین نے قومی اسمبلی میں کیے۔

ای او بی آئی پنشن میں اضافے کے حوالے سے وزیر موصوف نے بتایا کہ بورڈ آف ٹرسٹیز نے 2025 کی ایکچویئریل ویلیوشن رپورٹ کی روشنی میں پندرہ فیصد اضافہ منظور کیا اور معاملہ وفاقی حکومت کو حتمی منظوری کے لیے بھیجا گیا۔ کئی مراحل پر مشتمل اس منظوری کے عمل کے بعد حکومت نے بالآخر اس فیصلے کی منظوری دے دی اور اس کا باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کیا گیا۔ پنشن میں اضافے کے ساتھ ساتھ جنوری 2025 سے بقایا جات بھی آئندہ ادائیگیوں میں شامل کیے جائیں گے۔

او پی ایف کے کنٹریکٹ ملازمین کی تنخواہوں کے بارے میں وزیر نے وضاحت کی کہ حکومت کی طرف سے اعلان کردہ کم از کم اجرت کا اطلاق ادارے کے کنٹریکٹ ملازمین پر نہیں ہوتا، کیونکہ وہ بیسک پے سکیل ملازمین نہیں اور او پی ایف سرکاری فنڈنگ کے بغیر، اسٹیٹ اونڈ انٹرپرائزز ایکٹ 2023 کے تحت کام کرتا ہے۔ اس کے باوجود بورڈ آف گورنرز نے مہنگائی کے پیش نظر 25 جون 2025 کو کیے گئے اجلاس میں تمام کنٹریکٹ اسٹاف کی تنخواہوں میں اضافے کی منظوری دی، جس کے بعد اب کسی بھی کنٹریکٹ ملازم کی ماہانہ تنخواہ 37 ہزار روپے سے کم نہیں رہی، جبکہ مستقل ملازمین پہلے ہی کم از کم اجرت سے زائد تنخواہیں لے رہے ہیں۔

او پی ایف میں کنٹریکٹ ملازمین مدت معینہ کے معاہدوں پر کام کرتے ہیں اور سالانہ کارکردگی کی بنیاد پر دس فیصد تک اضافہ حاصل کر سکتے ہیں۔ بعض اساتذہ کو ادارے کی انسانی وسائل کی پالیسی کے تحت دیگر او پی ایف اسکولوں میں عارضی بنیادوں پر داخلہ مہم یا تدریسی ذمہ داریاں سونپی جاتی ہیں، تاہم انہیں ہیڈ آفس کی اسکیل کے مطابق کوئی الگ اضافی الاﺅنس نہیں دیا جاتا۔

Peak Point Link: EOBI Pension Raised and OPF Salary Hike Approved for 2025 – Peak Point
Minute Mirror Link: EOBI pensions rise; OPF hikes pay despite loss - Minute Mirror
EOBI & OPF

Share This Article
ندیم تنولی اسلام آباد میں مقیم ایک صحافی ہیں جو پارلیمانی امور، موسمیاتی تبدیلی، گورننس کی شفافیت اور صحت عامہ کے مسائل پر گہرائی سے رپورٹنگ کے لیے پہچانے جاتے ہیں۔
کوئی تبصرہ نہیں ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے