لاہور میں قائم امریکی قونصل جنرل اسٹیٹسن سینڈرز نے گزشتہ ہفتے اپنے وفد کے ساتھ ایجوکیشن یو ایس اے کے دفتر کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے پاکستانی طلبہ کے لیے فراہم کی جانے والی سہولیات اور تعلیمی پروگراموں کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر ان کے ہمراہ پبلک انگیجمنٹ آفیسر راکیل جے کنگ نکودیماس بھی موجود تھیں۔
دورہ کے دوران ایجوکیشن یو ایس اے کی جانب سے امریکی جامعات میں تعلیم حاصل کرنے کے خواہش مند طلبہ کے لیے منعقد کی جانے والی مختلف پروگرامز اور تقریبات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ قونصل جنرل اور ان کی ٹیم کو دفتر کا تفصیلی دورہ بھی کرایا گیا، جس کے ذریعے امریکی مشن اور پاکستان میں تعلیمی اقدامات کے مابین مضبوط روابط کو مزید فروغ دینے کے عزم کو اجاگر کیا گیا۔
ایجوکیشن یو ایس اے کے نمائندوں نے بتایا کہ ادارہ طالب علموں کو امریکہ میں تعلیم کے مواقع، اسکالرشپ اور رہنمائی سمیت مختلف سہولیات فراہم کر رہا ہے۔ اگر آپ بھی امریکہ میں تعلیم حاصل کرنے میں دلچسپی رکھتے ہیں تو ادارے کی ویب سائٹ وزٹ کریں یا مستقبل میں منعقد کی جانے والی تقریبات میں شرکت کریں۔
