بچوں کی نشوونما کیلئے بلتستان میں ای سی ڈی اقدامات

newsdesk
2 Min Read

بلتستان میں بچوں کی ابتدائی نشوونما اور تعلیم کو مضبوط بنانے کے لیے آغا خان رورل سپورٹ پروگرام (اے کے آر ایس پی) نے معاشرتی اور سرکاری شعبے کے 241 ماہرین تعلیم و صحت کو جامع تربیتی پروگرام کے تحت جدید خطوط پر تربیت فراہم کی۔ یہ تربیت کینیڈین ادارے کے تعاون سے چلنے والے ایف فور ایچ ای منصوبے کا حصہ تھی، جس میں محکمہ تعلیم و صحت کے حکام اور کمیونٹی اسکولوں کے اساتذہ شامل تھے۔

تربیتی سیشن کی اختتامی تقریب اسکردو میں منعقد ہوئی، جس میں ڈائریکٹر ایجوکیشن بلتستان ڈویژن عبدالوھاب میر، پرائیویٹ ایجوکیشن نیٹ ورک کے صدر محمد میر اور دیگر سول سوسائٹی و حکومتی نمائندگان نے شرکت کی۔ اس موقع پر محمد میر نے صحت اور تعلیم کے شعبوں کے موثر انضمام کی اہمیت اجاگر کی جبکہ مہمان خصوصی عبدالوھاب میر نے بلتستان میں اس منفرد منصوبے کے آغاز پر اے کے آر ایس پی کی کاوشوں کو سراہا۔

اس پروگرام کے تحت بلتستان میں چھ بنیادی مراکز (ہبز) قائم کیے گئے ہیں جبکہ ہر مرکز کے ساتھ حکومت کی جانب سے منتخب پندرہ اسکولوں کو منسلک کیا گیا ہے۔ آغا خان یونیورسٹی کی تکنیکی معاونت سے شعبہ تعلیم و صحت اور کمیونٹی کے اٹھارہ تربیت کاروں نے چاروں اضلاع میں تربیت کا سلسلہ آگے بڑھایا۔

اس کے علاوہ 80 اسکولوں کی روایتی کلاس رومز کو ای سی ڈی فرینڈلی ماحول میں تبدیل کر دیا گیا ہےجبکہ اساتذہ اور صحت کے کارکنان چاروں تربیتی ماڈیولز مکمل کر چکے ہیں، جس سے علاقے میں بچوں کی ابتدائی تعلیم اور صحت کے شعبے میں نمایاں بہتری آنے کی امید ہے۔

Share This Article
کوئی تبصرہ نہیں ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے