ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی آف پاکستان (ڈریپ) نے لیبارٹری ٹیسٹنگ اور کوالٹی ایشورنس ڈویژن کے زیراہتمام انسپکشن رپورٹ لکھنے کی تربیت اور نئے متفقہ رپورٹنگ فارمیٹ کے حوالے سے ایک تعارفی سیشن کا انعقاد کیا۔ اس اقدام کا مقصد پاکستان میں ادویات کی نگرانی اورقانونی عمل کو مزید مضبوط اور ہم آہنگ بنانا ہے۔
ماضی میں مختلف علاقوں اور افسران کی جانب سے انسپکشن رپورٹس کے لیے مختلف فارمیٹس استعمال کیے جارہے تھے، جس کے باعث رپورٹنگ میں فرق اور کمی سامنے آتی تھی۔ اس صورتحال کو بہتر بنانے کے لیے ڈریپ نے ایک یکساں اور ہم آہنگ رپورٹنگ فارمیٹ متعارف کرایا ہے، جس کے استعمال سے تمام معائنہ جات کی دستاویزات بین الاقوامی معیار کے مطابق، شفاف اور ایک ہی انداز میں تیار ہوں گی۔
اس اقدام کے ذریعے انسپکشن رپورٹس کی درستگی اور معتبریت میں اضافہ ہوگا اور ریگولیٹری کمپلائنس اور مانیٹرنگ کا نظام مزید موثر بنے گا۔ اس کے علاوہ، یہ تبدیلی ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن کے گلوبل بینچ مارکنگ ٹول کے مقاصد کے حصول میں بھی پاکستان کی پیش رفت کو سپورٹ کرے گی۔
ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی آف پاکستان نے اس موقع پر اس عزم کا اعادہ کیا کہ وہ ملکی سطح پر ادویات کے معیار، حفاظت اور اثر انگیزی کو یقینی بنانے کے لیے ریگولیٹری نظام کو مزید مضبوط بنانے کے لیے اپنے اقدامات جاری رکھے گی۔
