یوسی بھارہ کہو میں ڈینگی سے بچاؤ کی سرگرمیاں اور نگرانی

newsdesk
2 Min Read

ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ، ڈاکٹر عائشہ عصانی اور ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر اسلام آباد، ڈاکٹر سیدہ راشدہ بتول نے یونین کونسل بھارہ کہو کا دورہ کیا، جہاں وہ ڈینگی سے بچاؤ کے جاری اقدامات کا جائزہ لیں۔ اس موقع پر انہوں نے فیلڈ آپریشنز کا معائنہ کیا، جن میں گھر گھر نگرانی، اندرونی و بیرونی سپرے، لاروا کی نشاندہی، فوگنگ اور اسکولوں و کمیونٹی میں آگاہی سیشن شامل تھے۔

ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفس اسلام آباد کی ٹیموں نے صرف دو دنوں میں یونین کونسل بھارہ کہو میں اٹھارہ سو سے زائد گھروں کا معائنہ کیا، تاکہ ڈینگی کے خلاف جامع آپریشن کو یقینی بنایا جا سکے۔ ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ نے تمام فیلڈ ٹیموں اور ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفس کی لگن اور ڈینگی سے بچاؤ میں ان کے عزم کو سراہا۔

صحت کے ضلعی ادارے اسلام آباد میں، مؤثر نگرانی اور بر وقت کارروائی کے ساتھ ساتھ کمیونٹی میں آگاہی مہم جاری رکھے ہوئے ہیں تاکہ ڈینگی کے پھیلاؤ کے خطرے کو کم سے کم کیا جا سکے۔

ماہرین صحت کے مطابق، ڈینگی سے بچاؤ کے لیے ضروری ہے کہ گھروں میں پانی کی ٹینکیاں، برتن، کولر اور فرج کی ٹرے روزانہ صاف کی جائیں، مکمل آستینوں والے کپڑے پہنیں، مچھر بھگانے والی ادویات یا سپرے استعمال کریں، مچھر دانی میں سوئیں اور کھڑکیوں و دروازوں پر جالیاں لگائیں۔ ماہرین کہتے ہیں کہ ڈینگی سے بچاؤ ہر فرد کے اپنے ہاتھ میں ہے، اس لیے خود بھی محتاط رہیں اور دوسروں کو بھی آگاہ کریں۔

Share This Article
کوئی تبصرہ نہیں ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے