اسلام آباد میں ڈینگی کے کیسز میں اضافہ دیکھا گیا ہے؛ گزشتہ 24 گھنٹوں میں 24 نئے کیسز رپورٹ ہوئے جبکہ رواں سیزن کے دوران مجموعی طور پر 410 تصدیق شدہ کیسز سامنے آچکے ہیں اور انسدادِ ڈینگی مہم تیزی سے جاری ہے۔
ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفس کے مطابق ان نئے کیسز میں سے 16 دیہی اور 8 شہری علاقوں سے تعلق رکھتے ہیں اور 15 مریضوں کو اسپتال میں داخل کیا گیا ہے۔ تمام متاثرہ مریضوں کا طبی ریسپانس عالمی ادارۂ صحت کے پروٹوکولز کے مطابق مکمل کیا گیا ہے۔
انسدادِ ڈینگی سرگرمیوں کے تحت متاثرہ گھروں اور اطراف میں اسپرے کیا گیا، بالخصوص 20 تصدیق شدہ مریضوں کے گھروں پر خصوصی اسپرے کی گئی۔ مچھر کش فوگنگ کی کارروائیاں 101 مقامات پر عمل میں لائی گئیں جبکہ مثبت لاروا سائٹس کی تعداد 9,105 تک پہنچنے کے بعد ان کا خاتمہ کیا گیا۔ مجموعی طور پر اب تک 41,642 انسدادِ ڈینگی سرگرمیاں انجام دی جاچکی ہیں۔
ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفس اور ڈائریکٹوریٹ آف ہیلتھ سروسز CDA/MCI کی ویكٹر کنٹرول ٹیمیں شہر کے ہائی رسک علاقوں سمیت دیگر مقامات پر مربوط اقدامات جاری رکھے ہوئے ہیں۔ اسپیشل آپریشنز کے تحت مہم میں مزید تیزی لائی گئی ہے اور ڈسٹرکٹ انتظامیہ SOPs کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف جرمانے اور قانونی کارروائیاں بھی انجام دے رہی ہے۔
عوام سے پُرزور اپیل کی گئی ہے کہ ذاتی اور گھریلو احتیاطی اقدامات فوراً اپنائیں، خاص طور پر پانی والے برتن، ٹینک، کولرز اور دیگر جگہوں کی باقاعدہ صفائی اور ڈھانپنا یقینی بنایا جائے تاکہ ڈینگی کے پھیلاؤ کو روکا جاسکے اور شہری اپنی اور دوسروں کی صحت کے تحفظ میں مؤثر کردار ادا کریں۔
