اسلام آباد کے ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفس نے یونین کونسل بھارہ کہو کے حساس علاقوں میں خصوصی ڈینگی سویپ سرگرمیاں اور آگاہی واک کا انعقاد کیا۔ ان اقدامات کا مقصد علاقے میں ڈینگی وائرس کے پھیلاؤ کو روکنا اور شہریوں میں اس حوالے سے شعور بیدار کرنا تھا۔
ڈینگی کنٹرول آپریشن کی قیادت ڈینگی فوکل پرسن ڈاکٹر مظہر اور انٹومولوجسٹ اعزاز خان نے کی۔ اس دوران محکمہ صحت کی ٹیموں نے گھر گھر جا کر سرویلنس کی، لاروا کنٹرول کیا، انڈور اسپرے کیا اور آگاہی فراہم کی۔ اس آپریشن کے دوران نو سو سے زائد گھروں کا معائنہ کیا گیا تاکہ ممکنہ ڈینگی لاروا کو ختم کیا جا سکے اور وائرس کے پھیلاؤ کو روکا جا سکے۔
ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفس اسلام آباد کی ٹیمیں شہر بھر میں ڈینگی کی مانیٹرنگ اور فوری اقدامات کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہیں۔ محکمہ صحت شہریوں کو ڈینگی سے بچاؤ کے لیے احتیاطی تدابیر اپنانے کی ہدایت کر رہا ہے، جن میں پانی والے برتنوں، ٹینکوں، گملوں، کولرز اور فریج ٹرے کو روزانہ صاف رکھنا، بازوؤں کو ڈھانپنے والے کپڑے پہننا، مچھر مار اسپرے اور لوشن کا استعمال، سوتے وقت مچھر دانی اور کھڑکیوں و دروازوں پر جالی لگوانا شامل ہیں۔
محکمہ صحت نے عوام کو خبردار کیا ہے کہ ڈینگی سے محفوظ رہنے کے لیے احتیاطی تدابیر اختیار کرنا نہایت ضروری ہے، کیونکہ اپنی حفاظت خود ہر شہری کی اولین ذمہ داری ہے۔
