چکوال کے مختلف اسکولوں میں قائم امتحانی مقامات اور مارکنگ سینٹرز میں انتظامات اور سیکیورٹی کا تفصیلی معائنہ کیا گیا۔ اس دورے کے دوران چکوال امتحانی مراکز میں امیدواروں کے بیٹھنے کی ترتیب، عملے کی بروقت حاضری اور امتحانی کاغذات کی محفوظ ترسیل کا جائزہ لیا گیا جبکہ امیدواروں کو فراہم کی جانے والی سہولیات کا بھی معائنہ کیا گیا۔ کنٹرولر امتحانات تعلیمی بورڈ راولپنڈی تنویر اصغرا عوان نے تمام انتظامات کی کڑی نگرانی کی اور اس امر پر زور دیا کہ ہر مرکز میں شفافیت اور نظم و ضبط برقرار رہنا چاہیے۔انہوں نے واضح طور پر کہا کہ نقل مافیا کو کسی بھی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا اور حکومتِ پنجاب کی زیرو ٹالرنس پالیسی کے مطابق سخت کارروائی یقینی بنائی جائے گی۔ نقل اور امتحانی بے ضابطگیوں کے خلاف زیرو ٹالرنس کے حکومتی مؤقف پر عمل درآمد کو ہر سطح پر یقینی بنایا جائے گا اور خلاف ورزی کی صورت میں فوری تادیبی اور قانونی اقدامات کیے جائیں گے۔مارکنگ سینٹرز کے معائنہ کے دوران پیپر چیکنگ کے معیار، ایگزامینرز کی حاضری، نگرانی کے نظام اور مارکنگ کے طریقہ کار میں شفافیت کے اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ تمام ایگزامینرز کو ہدایت کی گئی کہ مقررہ ضابطہ کار کے تحت کام کریں اور کسی بھی قسم کی غفلت، جانبداری یا بے احتیاطی کو برداشت نہیں کیا جائے گا تاکہ مارکنگ کے عمل میں مکمل شفافیت برقرار رہے۔کنٹرولر امتحانات نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ چکوال امتحانی مراکز میں منظم، شفاف اور خوف سے پاک امتحانی ماحول فراہم کیا جائے گا اور کسی بھی بے ضابطگی کی صورت میں بروقت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ تعلیمی بورڈ راولپنڈی کے ترجمان ارسلان علی چیمہ نے بھی دورے اور کیے گئے جائزے کے متعلق معلومات فراہم کیں اور کہا کہ بورڈ امتحانی نظام کی شفافیت کو اولین ترجیح دے رہا ہے۔
