کمشنر راولپنڈی انجینئر عامر خٹک نے ادارہ باغبانی راولپنڈی کے دفتر کا دورہ کیا جہاں انہیں ادارے کے ایم ڈی اور عملے نے خوش آمدید کہا اور شہر میں خوبصورتی اور سبزہ کاری کے جاری و آئندہ منصوبوں پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ اس موقع پر ادارہ باغبانی راولپنڈی کی موجودہ سرگرمیوں، پارکس اور گرین بیلٹس کی اپ گریڈیشن اور دیکھ بھال کے شیڈول پر تبادلہ خیال ہوا۔ادارہ باغبانی راولپنڈی کی جانب سے گورکھپور نرسری میں پودوں اور پھولوں کی نشوونما کے عمل کی تفصیلات پیش کی گئیں جس پر کمشنر نے کاوشوں کی تعریف کی اور نرسری میں افزائش نسل کے طریقہ کار کو مزید مؤثر بنانے کی ہدایت دی۔ کمشنر نے واضح کیا کہ ایسی فصلیں اور پودے منتخب کیے جائیں جو جلد بڑھیں اور کم وسائل میں برقرار رہ سکیں تاکہ شہر کی سبزات طویل مدت تک برقرار رکھی جا سکے۔کمشنر نے میٹرو ٹریک کے ستونوں کی خوبصورتی بڑھانے کے خصوصی اقدامات کی ہدایت دیتے ہوئے پارکوں کی سیکیورٹی اور جمالیات کو بہتر بنانے کے لئے فوری اقدامات کرنے کی تاکید کی۔ اسی طرح ادارہ باغبانی راولپنڈی کے دفتر کی سیکیورٹی مضبوط کرنے کے بھی ضروری اقدامات تجویز کیے گئے تاکہ عوامی سہولیات محفوظ انداز میں مہیا کی جا سکیں۔کمشنر نے شہر کو پھولوں کا شہر بنانے کے وژن پر زور دیا اور پودا کاری مہم کو مزید فعال بنانے کے لئے باقاعدہ اور مربوط نظام کے تحت نگہداشت کو لازمی قرار دیا۔ انہوں نے ہدایت کی کہ پودے لگانے کے بعد مستقل طور پر دیکھ بھال کے معیاری طریقے اپنائے جائیں تاکہ لگائے گئے پودے کامیابی سے سرسبز ہوں اور شہری ماحول بہتر بنے۔پارکس میں معذور افراد کے لئے خصوصی سہولیات فراہم کرنے پر بھی زور دیا گیا تاکہ عوام کو معیاری تفریحی سہولیات دستیاب ہوں۔ کمشنر نے کہا کہ عوامی پارکس نہ صرف خوبصورتی کے مراکز ہوں بلکہ ہر طبقے کے لیے قابل رسائی اور محفوظ بھی ہوں۔اس موقع پر احمد حسن رنجھا نے عزم کا اظہار کیا کہ ادارہ باغبانی راولپنڈی عوام کی خدمت کے لیے وقف ہے اور پنجاب حکومت کے وژن کے مطابق راولپنڈی کو ایک سرسبز شہر بنانے کے لیے تمام ضروری اقدامات کرے گا۔ ادارہ باغبانی راولپنڈی آئندہ منصوبوں میں کمیونٹی شمولیت اور مربوط دیکھ بھال کو مرکزی حیثیت دے گا تاکہ طویل مدتی نتائج حاصل کیے جا سکیں۔
