راولپنڈی ڈویژن میں ڈائریکٹوریٹ کالجز اور ایپکا کے مابین کشیدگی شدت اختیار کرگئی

newsdesk
2 Min Read

راولپنڈی ڈویژن کے تعلیمی اداروں میں ڈائریکٹوریٹ کالجز اور آل پاکستان کلرکس ایسوسی ایشن (ایپکا) کے درمیان اختلافات کے بعد دفتری ماحول کشیدہ ہوگیا ہے۔ ایپکا کی جانب سے قلم چھوڑ ہڑتال کے اعلان کے بعد ڈائریکٹوریٹ کالجز کی طرف سے پرنسپلز کو ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ ماتحت کلریکل اسٹاف کو چھٹی نہ دی جائے اور سرکاری امور کو ہر صورت جاری رکھا جائے۔

ذرائع کے مطابق قائم مقام ڈائریکٹر کالجز پروفیسر امجد اقبال خٹک نے واٹس ایپ پیغام کے ذریعے پرنسپلز کو ہدایت دی کہ وہ اپنے کالجوں میں کلریکل عملے کی موجودگی یقینی بنائیں تاکہ سرکاری امور متاثر نہ ہوں۔ اس صورتحال نے پرنسپلز فورم میں بھی بحث چھیڑ دی ہے اور مختلف پرنسپلز کے مابین اس معاملے پر آراء سامنے آرہی ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ پرنسپلز فورم نے اس مسئلے پر غور کے لیے غیر رسمی مشاورت شروع کردی ہے جبکہ پرنسپلز کے ایک دھڑے نے ڈائریکٹر کی حمایت کرتے ہوئے ایپکا کے اعلان کو غیر ذمہ دارانہ قرار دیا ہے۔ بعض اطلاعات کے مطابق اس دھڑے نے ڈائریکٹر کے مؤقف کے حق میں ایک قرارداد تیار کرنے پر بھی غور شروع کردیا ہے۔

سنجیدہ تعلیمی حلقوں کا کہنا ہے کہ یہ تنازعہ اگر طول پکڑ گیا تو کالجز کے دفتری اور تعلیمی امور متاثر ہوسکتے ہیں۔ ماہرین تعلیم نے فریقین پر زور دیا ہے کہ معاملے کو تحمل اور بات چیت کے ذریعے سلجھایا جائے تاکہ مزید کشیدگی سے بچا جا سکے۔

پرنسپلز فورم کے جنرل سیکریٹری پروفیسر اطہر قسیم سے رابطہ کرنے کی کوشش کی گئی تاہم وہ دستیاب نہ ہوسکے۔

Share This Article
کوئی تبصرہ نہیں ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے