وزیراعظم یوتھ پروگرام کے چیئرمین رانا مشہود احمد خان سے کیمرج کی نمائندہ محترمہ عظمٰی یوسف نے ملاقات کی، جس میں انہوں نے سیب کے چھلکوں سے بنی ڈائری اور ری سائیکل شدہ ٹوٹ بیگ بطور تحفہ پیش کیا۔ اس اقدام کا مقصد ماحول دوست جدت اور پائیداری کی حوصلہ افزائی کرنا ہے۔
ملاقات کے دوران محترمہ عظمٰی یوسف نے پاکستان میں کیمرج کا آئندہ موسمیاتی پروگرام ’’کلائمیٹ کویسٹ‘‘ شروع کرنے کے منصوبے سے آگاہ کیا۔ یہ پروگرام اسلام آباد کے سرکاری تعلیمی اداروں کے ذریعے متعارف کرایا جائے گا، جس کا مقصد نوجوانوں کو ماحول کے تحفظ اور سبز مستقبل کے لیے بااختیار بنانا ہے۔ اس پہل سے نہ صرف نوجوانوں میں ماحولیاتی شعور بڑھے گا بلکہ پائیدار ترقی کے اہداف کے حصول میں بھی مدد ملے گی۔
