اسلام آباد میں کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) کے چیئرمین محمد علی رندھاوا کی زیر صدارت ایک اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں اسلام آباد شہر کی ترقی اور مختلف اہم منصوبوں پر پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں سی ڈی اے کے سینیئر افسران سمیت مختلف متعلقہ محکموں کے نمائندگان نے شرکت کی اور جاری ترقیاتی منصوبوں پر گفتگو کی گئی۔
اجلاس کے دوران شاہین چوک، کشمیر چوک، ٹی چوک، فیض آباد انٹرچینج، سی ڈی اے ماڈل نرسری کو ’گارڈینا حب‘ میں تبدیل کرنے، پاک سیکریٹریٹ کی اپ لفٹنگ، جدید اسٹریٹ لائٹس کی تنصیب، سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کی بہتری، اسلام آباد ماڈل جیل اور پولیس اسٹیشنز کی اپ گریڈیشن جیسے بڑے منصوبوں پر اب تک کی پیش رفت پیش کی گئی۔ اس کے علاوہ بلیو ایریا میں فوڈ اسٹریٹ، پارکنگ پلازہ، سی ڈی اے میں کیش لیس نظام، سفاری پارک، تھیم پارک، کیبل کار، فیری ویلز اور ڈانسنگ فاؤنٹین کی تنصیب پر بھی گفتگو کی گئی۔
چیئرمین سی ڈی اے نے ہدایت کی کہ تمام ترقیاتی منصوبے مقررہ مدت کے اندر مکمل کیے جائیں اور ان کے معیار پر کوئی سمجھوتہ نہ کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ان منصوبوں کا بعد میں تھرڈ پارٹی آڈٹ بھی کروایا جائے گا تاکہ شفافیت یقینی بنائی جا سکے۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ پی ڈبلیو ڈی سے سی ڈی اے کو متعدد منصوبے منتقل ہوئے ہیں جن کی تکمیل کے لیے فنڈز کی شدید ضرورت ہے۔
چیئرمین نے ممبر فنانس اور سی ای او ایم سی آئی کو ہدایت کی کہ پی ڈبلیو ڈی سے منتقل ہونے والے تمام منصوبوں کی مکمل مالیاتی رپورٹ تیار کی جائے، جس میں فنڈز کی تفصیلات اور خرچ ہونے والی رقوم شامل ہوں۔ پلاننگ اور انجینئرنگ ونگ کو ان منصوبوں کی موجودہ صورتحال اور معیار کا بھی جائزہ لینے کا کہا گیا، تاکہ متعلقہ وزارت اور اداروں کے ساتھ مکمل حکمت عملی تیار کی جا سکے۔
اجلاس میں اسلام آباد ماڈل جیل اور پولیس اکیڈمی کی تیزی سے تعمیر و تکمیل کے حوالے سے بھی ہدایات جاری کی گئیں۔ چیئرمین نے ہدایت کی کہ اسلام آباد میں الیکٹرک بسوں کی تعداد میں اضافہ اور چارجنگ اسٹیشنز کی فوری تعمیر عمل میں لائی جائے، جبکہ الیکٹرک ٹرام منصوبے کی فیزیبلٹی رپورٹ بھی جلد تیار کی جائے۔ آئی ٹی فیسلیٹیشن سینٹر کی تعمیر کے لیے تمام وسائل بروئے کار لانے اور شہر کے 279 پارکس کی اپ گریڈیشن کی بھی ہدایت کی گئی۔
چیئرمین سی ڈی اے نے کہا کہ بلیو ایریا میں فوڈ اسٹریٹ اور پارکنگ پلازہ کو جلد از جلد مکمل کیا جائے اور اس حوالے سے وہ خود بھی اچانک دورے کریں گے۔ سیکٹر آئی-14 اور بنی گالہ میں سیوریج نظام اور پانی کی فراہمی بہتر بنانے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ کمرشل پلاٹس اور دکانوں کی نیلامی سے حاصل ہونے والے فنڈز کو ترقیاتی منصوبوں اور ماحول دوست اقدامات پر استعمال کیا جائے گا تاکہ شہریوں کے مسائل جلد حل کیے جا سکیں۔
