اسلام آباد میں چیئرمین کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی و چیف کمشنر محمد علی رندھاوا کی زیرصدارت سی ڈی اے ماڈل نرسری (پارک روڈ) کا دورہ کیا گیا جہاں نرسری کو جدید سہولیات کے ساتھ ‘گارڈینیا حب’ میں تبدیل کرنے کے منصوبے کی تکمیل کے قریب ہونے، کنٹرولڈ وینٹی لیٹڈ گرین ہاؤسز، ٹشو کلچر سینٹر، ٹریننگ و ریسرچ سینٹر اور فلاور شاپس کے قیام کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ انہوں نے عملے کی خصوصی تربیت کی ہدایت کی اور نرسری کے اپ گریڈیشن کو اسلام آباد کے ہارٹیکلچر کے شعبے میں سنگِ میل قرار دیا۔
دورے کے موقع پر چیئرمین سی ڈی اے نے ممبر انوائرمنٹ اسفندیار بلوچ اور متعلقہ افسران کے ہمراہ ماڈل نرسری کے مختلف سیکشنز کا معائنہ کیا اور نرسری میں جاری ترقیاتی اور بحالی کے کاموں کا جائزہ لیا۔ اجلاس میں نرسری کو جدید معیار کے مطابق اسٹیٹ آف دی آرٹ نرسری میں تبدیل کرنے پر تفصیلی پیشرفت پیش کی گئی۔
بریفننگ میں بتایا گیا کہ نرسری کو ‘گارڈینیا حب’ میں تبدیل کرنے کا منصوبہ تکمیلی مراحل میں داخل ہو چکا ہے اور اس کے تحت فلاور شاپس، ٹریننگ و ریسرچ سینٹر، اور جدید کنٹرولڈ وینٹی لیٹڈ گرین ہاؤسز قائم کیے گئے ہیں جو پودوں کی بہتر نشوونما اور تحقیق و نگہداشت کے لیے موزوں ماحول فراہم کریں گے۔
اس کے علاوہ نرسری میں جدید ٹشو کلچر سینٹر کی سہولت بھی فراہم کی جا رہی ہے جہاں پودوں کی نئی اقسام کو جدید پروپیگیشن طریقوں سے تیار کیا جا سکے گا۔ متعلقہ حکام نے بتایا کہ یہ اقدامات نرسری کو بین الاقوامی معیار کے مطابق بنانے کا حصہ ہیں تاکہ تحقیق، تربیت اور تجارتی ہارٹیکلچر کو فروغ دیا جا سکے۔
چیئرمین سی ڈی اے نے ہدایت کی کہ سی ڈی اے انوائرمنٹ ونگ کے ملازمین کو پودوں کی دیکھ بھال اور حفاظت کے جدید طریقہ کار پر خصوصی تربیت دی جائے۔ انہوں نے نرسری کی اپ گریڈیشن، فلاور شاپس اور مجموعی منصوبے پر متعلقہ ٹیم کے کام کو سراہا اور توقع ظاہر کی کہ یہ سہولتیں مستقبل میں اسلام آباد کے شہریوں کی ہارٹیکلچر ضروریات کو پورا کریں گی۔
نرسری میں رنگ برنگے پھولوں کی نمائش کے لیے خصوصی جگہ مختص کی گئی ہے جہاں موسمی اور غیر موسمی پھولوں کی خوبصورت اقسام عوام کے لیے پیش کی جائیں گی۔ چیئرمین نے کہا کہ اس منصوبے سے نہ صرف شہر کی خوبصورتی میں اضافہ ہوگا بلکہ ہارٹیکلچر کے شعبے میں روزگار کے نئے مواقع بھی پیدا ہوں گے اور اسلام آباد ایک مزید سرسبز و شاداب دارالحکومت کے طور پر ابھرے گا۔
