بروکلن میلہ میں یوم آزادی پاکستان کی پرجوش تقاریب کا انعقاد ہوا، جس میں پاکستان کی مسلح افواج کو آپریشن "بنیان المرصوص” میں کامیابی پر خراج تحسین پیش کیا گیا۔ اس میلے کا اہتمام علامہ اقبال کمیونٹی سینٹر نیویارک نے کیا تھا جس میں نیو یارک سمیت گرد و نواح سے بڑی تعداد میں پاکستانی نژاد امریکیوں نے شرکت کی۔
تقریب میں پاکستان کے قونصل جنرل کی جانب سے ڈپٹی قونصل جنرل عمر شیخ نے شرکت کی اور اپنے خطاب میں یوم آزادی پاکستان کو مسلح افواج کی جرات اور قربانیوں کے نام کیا۔ انہوں نے کہا کہ آپریشن "بنیان المرصوص” میں کامیابی پاکستان کی خود مختاری کے دفاع کے عزم اور صلاحیت کی عکاس ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان امن کے قیام کے لیے پُرعزم ہے، تاہم کسی بھی جارحیت کا پوری قوت سے جواب دینے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
ڈپٹی قونصل جنرل نے امریکہ میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کا جذبہ، فلاحی سرگرمیاں، سرمایہ کاری اور پاکستان کے حق میں اپنا مقدمہ اجاگر کرنا ملک کی ترقی میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔ انہوں نے کمیونٹی پر زور دیا کہ وہ اسی اتحاد اور سرگرمی کے ساتھ وطن کی بہتری کیلئے کوشاں رہیں۔
میلے میں ثقافتی ورثے کی نمائندگی کرتے ہوئے لائیو موسیقی، بچوں کے فنکشن، روایتی پاکستانی کھانوں، جیولری اور لباس کے اسٹالز بھی لگائے گئے، جس سے خاندانی ماحول میں پاکستان کی رنگا رنگ ثقافت کو اجاگر کیا گیا۔ عمر شیخ نے تقریب کے اختتام پر علامہ اقبال کمیونٹی سینٹر اور اس کی قیادت کا اس شاندار اہتمام پر شکریہ ادا کیا۔
