شہید ذوالفقار علی بھٹو کا نظریہ زندہ ہے

newsdesk
3 Min Read
چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے راولپنڈی میں سیمینار میں کہا کہ ذوالفقار علی بھٹو کا نظریہ جمہوریت اور عوامی حقوق کی روشنی ہے۔

ذوالفقار علی بھٹو کی ۴۷ویں برسی کے موقع پر راولپنڈی آرٹس کونسل میں پیپلز پارٹی راولپنڈی سٹی کی جانب سے منعقدہ سیمینار میں چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ شہید بھٹو ایک نظریہ اور جمہوریت کی علامت تھے اور ان کا نظریہ عوامی شعور کا ضامن ہے۔چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ سن ۱۹۷۳ کا آئین شہید بھٹو کا تاریخی کارنامہ تھا جس نے ملک کے جمہوری ڈھانچے کو مضبوط بنیاد فراہم کی۔ ایوانِ بالا کی تشکیل کو انہوں نے وفاقی وژن کا عملی اظہار قرار دیا جس سے صوبوں کو یکساں نمائندگی ملی اور احساسِ محرومی کے خاتمے کے راستے کھلے۔سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ اٹھارویں آئینی ترمیم نے صوبائی خودمختاری کو تقویت دی اور جمہوریت کو مستحکم کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو نے بین الاقوامی سطح پر پاکستان کی عزت بڑھائی، قوم کو شناخت دی اور عوام کو ووٹ کے ذریعے طاقت کا حقیقی سرچشمہ بنایا جبکہ بنیادی انسانی حقوق کے تحفظ کو یقینی بنایا۔چیئرمین سینیٹ نے بتایا کہ ملک کے دفاع کو مستحکم بنانے کے سلسلے میں جوہری پروگرام کی بنیاد رکھنا اور پاکستان اسٹیل مل جیسے بڑے صنعتی منصوبے قائم کرنا بھٹو کے نمایاں کارناموں میں شامل ہیں جنہوں نے روزگار کے نئے مواقع پید ا کیے اور ملکی خود کفالت کو فروغ دیا۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ بینظیر بھٹو نے اپنے والد کے مشن کو آگے بڑھایا اور آصف علی زرداری کے ذریعے اٹھارویں ترمیم نے اختیارات پارلیمنٹ اور عوامی نمائندوں کے حوالے کیے۔ چیئرمین سینیٹ نے بلاول بھٹو زرداری کو نوجوان نسل کا نمائندہ قرار دیا اور اس بات پر زور دیا کہ پاکستان کی ۶۰ فیصد سے زائد آبادی نوجوانوں پر مشتمل ہے جو ملک کے مستقبل کی ضمانت ہیں۔سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف نے خطاب میں اپنے طالب علمی کے ادوار کی یادیں تازہ کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے ذوالفقار علی بھٹو کو ایک نڈر اور عوامی رہنما کے طور پر دیکھا اور ان کی پالیسیوں نے غریب انسان کو با اختیار بنایا۔ انہوں نے پارٹی کارکنوں پر زور دیا کہ وہ یکسو ہو کر عوامی خدمت اور تنظیم سازی کو تقویت دیں۔سیمینار سے صدر پیپلز پارٹی آزادکشمیر ریجن چوہدری یاسین، سابق ایم ڈی بیت المال عامر فدا پراچہ اور پی پی پی راولپنڈی سٹی کے صدر میاں خرم رسول سمیت دیگر رہنماؤں نے بھی خطاب کرتے ہوئے شہید ذوالفقار علی بھٹو کی سیاسی و سماجی خدمات کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔ آخر میں چیئرمین سینیٹ نے میاں خرم رسول کو سیمینار کے کامیاب انعقاد پر مبارکباد پیش کی۔

Share This Article
کوئی تبصرہ نہیں ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے