اسلام آباد میں بیلجیم کے سفیر اور چیئرمین سینیٹ کی مشیر مصباح کھر کے درمیان ایک اہم ملاقات ہوئی جس میں دونوں ممالک کے درمیان پارلیمانی روابط کو مزید مضبوط بنانے اور بین الاقوامی تعاون کے نئے مواقع پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔ اس موقع پر آنے والی انٹرپارلیمنٹری اسپیکرز کانفرنس (ISC) کی تیاریوں اور پاکستان کی عالمی پارلیمانی سفارت کاری میں نمایاں کردار پر بھی روشنی ڈالی گئی۔
محترمہ مصباح کھر نے بیلجیم کے سفیر چارلس-ایدسبالڈ وان ڈیر گراخت ڈی رومرزویل کو انٹرپارلیمنٹری اسپیکرز کانفرنس کے مقاصد اور وژن سے آگاہ کیا۔ انہوں نے بتایا کہ یہ بین الاقوامی پلیٹ فارم دنیا بھر کی پارلیمانوں کے باہمی تعاون اور ربط میں اضافے کے لیے قائم کیا گیا ہے اور اس میں اس وقت 45 ممالک کے پارلیمانی اسپیکرز شامل ہیں۔
مصباح کھر نے بتایا کہ حال ہی میں ملائشیا میں ہونے والے انتخابات میں چیئرمین سینیٹ پاکستان، سید یوسف رضا گیلانی، کو متفقہ طور پر اس تنظیم کا پہلا صدر منتخب کیا گیا ہے جو پاکستان کی عالمی پارلیمانی سفارت کاری میں سرگرم قیادت کا ثبوت ہے۔
اس ملاقات کے دوران بیلجیم کے سفیر کو رواں سال نومبر میں اسلام آباد میں ہونے والی ISC کانفرنس کی تیاریوں پر بھی بریفنگ دی گئی۔ اس بریفنگ میں کانفرنس کے ایجنڈے، مجوزہ سیشنز، موضوعاتی ترجیحات اور دنیا بھر سے اعلیٰ سطحی وفود کی متوقع شرکت کے بارے میں تفصیل سے آگاہ کیا گیا۔ اس موقع پر مصباح کھر نے بیلجیم کے سفیر کو کانفرنس میں شرکت کے لیے باضابطہ دعوت نامہ بھی پیش کیا۔
محترمہ مصباح کھر نے اس امر پر زور دیا کہ یہ عالمی کانفرنس امن، کثیر الجہتی تعاون اور پائیدار ترقی جیسے اہم موضوعات پر عالمی پارلیمانی رہنماؤں کو ایک مؤثر پلیٹ فارم فراہم کرے گی، جس سے مشترکہ چیلنجز کے حل کے لیے قابل عمل حکمت عملی وضع کی جا سکے گی۔
دونوں ممالک نے روابط کے فروغ اور پارلیمانی تعاون میں اضافے کے اپنے عزم کا اعادہ کیا۔ ملاقات میں سینیٹ کے سینئر ڈائریکٹر جنرل (پروٹوکول) طارق بن وحید بھی شریک تھے۔
