خادمِ اعلیٰ بری امام سرکار کی زیرصدارت اسلام آباد میں بری امام دربار کی حفاظت اور انتظامات کے حوالے سے ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں بابا کلو سرکار کی قیادت میں ضلعی انتظامیہ کے اعلیٰ افسران اور معززین سمیت راجہ سرفراز اکرم، راجہ شہزاد جنجوعہ اور راجہ فائق جنجوعہ شریک ہوئے جہاں دربار کے اطراف اور زیارت گاہ تک سیکیورٹی کے مفصل انتظامات پر گفتگو ہوئی۔شرکاء نے بتایا کہ بری امام دربار پر آنے والے زائرین کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے جس کے پیش نظر سیکیورٹی کو مزید مؤثر اور جدید تقاضوں کے مطابق ترتیب دینا ضروری ہے۔ بری امام دربار کی حفاظت پر خاص توجہ دی گئی اور ضلعی انتظامیہ کے ساتھ مکمل ہم آہنگی کے ساتھ کام جاری رکھنے پر اتفاق کیا گیا۔خادمِ اعلیٰ بری امام سرکار نے کہا کہ زائرین کی حفاظت اولین ترجیح ہے اور اس مقصد کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں گے۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ دربار کے اطراف حفاظتی اقدامات کو مضبوط کیا جائے گا اور زائرین کی سہولت کے لیے اضافی انتظامات کیے جائیں گے تاکہ دربار میں امن و امان برقرار رہے۔راجہ سرفراز اکرم، راجہ شہزاد جنجوعہ اور راجہ فائق جنجوعہ نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ بری امام دربار ملک کے مختلف حصوں سے آنے والے عقیدت مندوں کا روحانی مرکز ہے اور یہاں سیکیورٹی اور انتظامی معیار کو بہتر بنانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ شرکاء نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ اور دربار انتظامیہ مشترکہ طور پر زائرین کو محفوظ اور پرامن ماحول فراہم کرنے کے لیے مستقل رابطے اور عملی اقدامات جاری رکھیں گے۔
