بلوچستان کے جیل عملے کے لیے اقوامِ متحدہ دفتر برائے منشیات و جرائم (یو این او ڈی سی) نے "ڈلیور جسٹس” منصوبے کے تحت تین روزہ تربیتی ورکشاپ کا انعقاد کامیابی سے مکمل کرلیا۔ تربیت کا مقصد جیل عملے کی پیشہ ورانہ مہارتوں میں اضافہ کر کے اصلاحی نظام کو زیادہ محفوظ اور انسان دوست بنانا تھا۔
کوئٹہ میں ہونے والی اس تربیت میں بلوچستان جیل ڈیپارٹمنٹ کے 22 افسران اور اہلکاروں نے شرکت کی جن میں ایک خاتون بھی شامل تھیں۔ ورکشاپ میں شرکاء کو جدید مواصلاتی مہارتیں، فعال سننا، تنازعات کو حل کرنے کے طریقے اور پیشہ ورانہ ابلاغ جیسے اہم موضوعات پر تربیت دی گئی۔ ان سرگرمیوں کا مقصد جیلوں کے اندر بہتر ماحول کو فروغ دینا اور آپسی تعلقات کو مضبوط بنانا تھا۔
یو این او ڈی سی، یورپی یونین کی مالی معاونت سے، بلوچستان جیل ڈیپارٹمنٹ کے ساتھ مل کر ایسے اقدامات کر رہی ہے جس سے جیل نظام کی کارکردگی اور تحفظ میں بہتری آئیگی۔ یہ اقدامات نیلسن منڈیلا رولز کے تحت ایک مثالی اور محفوظ اصلاحی نظام کے قیام کی جانب اہم قدم تصور کیے جا رہے ہیں۔ تربیتی پروگرام سے نہ صرف جیل عملے کی صلاحیتوں میں اضافہ ہوگا بلکہ قیدیوں کیلئے زیادہ بہتر اور محفوظ ماحول بھی فراہم کیا جا سکے گا۔
