بارانی زرعی یونیورسٹی کا اعزاز، پروفیسر ڈاکٹر محمد اعظم خان کو پی اے ایس گولڈ میڈل سے نوازا گیا

newsdesk
3 Min Read
پاکستانی اکیڈمی برائے علوم نے پیر مہر علی شاہ یونیورسٹی کے پروفیسر اعظم خان کو زرعی تحقیق میں نمایاں خدمات پر سونے کا تمغہ عطا کیا۔

بارانی زرعی یونیورسٹی کا اعزاز، پروفیسر ڈاکٹر محمد اعظم خان کو پی اے ایس گولڈ میڈل سے نوازا گیا
انھوں نے اسلام آباد میں منعقدہ پروقار تقریب میں صدر پاکستان اکیڈمی آف سائنسز سے میڈل وصول کیا

پیر مہر علی شاہ بارانی زرعی یونیورسٹی راولپنڈی کے شعبہ ہارٹیکلچر سے وابستہ پروفیسر ڈاکٹر محمد اعظم خان کو زرعی شعبے میں ان کی شاندار تحقیقی خدمات کے اعتراف میں پاکستان اکیڈمی آف سائنسز (PAS) کی جانب سے گولڈ میڈل ایوارڈ سے نوازا گیا۔ اسلام آباد میں منعقدہ ایک پُروقار تقریب کے دوران صدر پاکستان اکیڈمی آف سائنسز، پروفیسر ڈاکٹر کوثر عبداللہ ملک نے انھیں گولڈ میڈل پہنایا اور ان کی علمی و تحقیقی خدمات کو سراہا۔

ڈاکٹر محمد اعظم خان ملک کے ممتاز سائنس دانوں میں شمار ہوتے ہیں جنہوں نے ہارٹیکلچر کے شعبے میں نمایاں تحقیقی کارنامے سر انجام دیے۔ وہ متعدد قومی و بین الاقوامی تحقیقی منصوبہ جات کی قیادت کر چکے ہیں اور اس دوران پھلوں اور سبزیوں کی چھ نئی اقسام متعارف کروا کر پاکستان میں ہارٹیکلچر کے فروغ میں اہم کردار ادا کیا۔ مزید برآں، وہ مختلف انتظامی و تحقیقی عہدوں پر بھی خدمات انجام دے چکے ہیں، جن میں بطور ڈائریکٹر جنرل نیشنل ایگریکلچرل ریسرچ سینٹر (NARC)ان کی خدمات نمایاں ہیں۔ ان کی دو زرعی ایجادات کو آئی پی او (IPO) پاکستان کی جانب سے ان کے نام پر باقاعدہ پیٹنٹ بھی کیا گیا ہے، جو ان کی تحقیقی جدت کا منہ بولتا ثبوت ہے۔

اس موقع پر پروفیسر ڈاکٹر اعظم خان نے اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا کہ یہ اعزاز میرے لیے باعثِ فخر ہے، اور دراصل یہ کامیابی میرے اساتذہ اور ساتھیوں کی محنت و دعاؤں کا نتیجہ ہے۔ پاکستان کی ترقی کا دار و مدار زراعت پر ہے، اور جدید تحقیق ہی اس شعبے کو مزید مضبوط بنا سکتی ہے۔

یونیورسٹی کی فیکلٹی، طلبہ اور عملے نے بھی ڈاکٹر محمد اعظم خان کو اس نمایاں اعزاز پر دلی مبارک باد پیش کی اور امید ظاہر کی کہ وہ آئندہ بھی اپنی علمی و تحقیقی خدمات سے پاکستان کے زرعی شعبے کو مزید مستحکم بنائیں گے۔ ان کی خدمات نوجوان سائنس دانوں کے لیے ایک مثالی نمونہ ہیں۔

Read in English: Prestigious Recognition for Arid University, Dr. Azam Khan Awarded PAS Gold Medal

Share This Article
1 تبصرہ

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے