پیر مہر علی شاہ ایریڈ ایگریکلچر یونیورسٹی راولپنڈی میں 78 واں جشن آزادی قومی جذبے اور ولولے کے ساتھ منایا گیا۔ مرکزی تقریب میں وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر قمر الزمان نے شرکاء کے ہمراہ قومی پرچم کشائی کی اور پاکستان کی سلامتی، اتحاد اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔
وائس چانسلر ڈاکٹر قمر الزمان نے اپنے خطاب میں یوم آزادی کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ یہ دن صرف آزادی کی خوشی نہیں، بلکہ قوم کی جدوجہد اور قربانیوں کی علامت ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ دن ہمیں اپنے وطن کی ترقی اور خوشحالی کے لئے اپنا حصہ ادا کرنے کا احساس دلاتا ہے۔ انہوں نے وطن کی حفاظت پر مامور افواج پاکستان کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے شہداء کے کردار کو بھی سراہا۔
ڈاکٹر قمر الزمان نے چیف آف آرمی اسٹاف جنرل سید عاصم منیر کی قیادت میں ملکی دفاعی آپریشنز جیسے "آپریشن بانیان مرسوس” اور "معرکہ حق” کی کامیابی کو اجاگر کیا اور افواج پاکستان کی تیاری اور مضبوطی پر اعتماد ظاہر کیا۔
جشن آزادی کے موقع پر کیک کاٹا گیا اور درخت لگانے کی مہم کا آغاز کیا گیا، جس کا مقصد ماحول کی بہتری اور قومی یکجہتی کو فروغ دینا تھا۔ یہ سرگرمیاں یونیورسٹی کے مرکزی کیمپس راولپنڈی اور سب کیمپس اٹک میں منعقد ہوئیں۔ وائس چانسلر نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ تعلیم کو ترجیح بنائیں، کیونکہ ایک تعلیم یافتہ نوجوان ہی مضبوط اور خوشحال پاکستان کی بنیاد ہے۔ انہوں نے یونیورسٹی کی جدید تعلیمی سہولیات اور جدت پسندی کی پالیسیوں پر روشنی ڈالی اور کہا کہ ادارہ طلبہ کی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے پرعزم ہے۔
تقریب کے اختتام پر جامعہ کی انتظامیہ، اساتذہ اور طلبہ نے اس عہد کی تجدید کی کہ وہ آزادی کی اقدار کو ہمیشہ بلند رکھیں گے، وطن کی خدمت اور روشن مستقبل کے لیے مل کر کام کرتے رہیں گے۔
