اورنگزیب کھچی نے سینٹ پیٹرزبرگ میں پاکستان کی نمائندگی کی

newsdesk
2 Min Read

وفاقی وزیر برائے قومی ورثہ و ثقافت اورنگزیب خان کھچی نے روس کے سینٹ پیٹرزبرگ میں منعقدہ یونائیٹڈ کلچرز فورم میں پاکستان کی نمائندگی کرتے ہوئے ثقافت کو عالمی امن اور اشتراک کی بنیاد قرار دیا۔

سربراہانِ وفود کے اجلاس میں، جس کا موضوع واپسی کی طرف: نئے ثقافتی مواقع تھا، وزیر نے ثقافت کے امن و ہم آہنگی قائم کرنے میں کلیدی کردار پر زور دیا اور کہا کہ ثقافتی روابط قوموں کے درمیان اعتماد اور باہمی احترام کو فروغ دیتے ہیں۔ انہوں نے ثقافتی تعاون کو عالمی سطح پر تقسیم کم کرنے اور مشترکہ فہم پیدا کرنے کے مؤثر ذرائع میں شمار کیا۔

اپنی تقریر میں وزیرِ ثقافت نے پاکستان کی متنوع تہذیب و ثقافت، قدیم تاریخ اور فنونِ عروض کے وسیع پہلوؤں کو اجاگر کیا اور کہا کہ یہ ورثہ بین الاقوامی ثقافتی تبادلے کے ذریعے بہتر طور پر متعارف کرایا جا سکتا ہے۔ انہوں نے ثقافتی میل جول کو نہ صرف روابط بڑھانے بلکہ معاشرتی ہم آہنگی کو مستحکم کرنے کا ذریعہ قرار دیا۔

وزیر نے مزید کہا کہ پاکستان ہمیشہ تہذیبوں کے درمیان مکالمے کی حامی رہی ہے اور فنون، تاریخی ورثے اور ثقافتی پراجیکٹس کے ذریعے اختلافات کم کرنے والی کوششوں کی حمایت کرتا ہے۔ انہوں نے بین الاقوامی سطح پر ثقافتی سفارت کاری کے فروغ کے لیے متواتر اشتراک اور تجربات کے تبادلے کی اہمیت پر بھی زور دیا۔

فورم میں دنیا کے اکیس وزرائے ثقافت شریک ہیں، جو مختلف ممالک کے تجربات کا تبادلہ کر رہے ہیں اور ثقافتی سفارت کاری کو مضبوط بنانے کے لیے تعاون کے نئے مواقع تلاش کر رہے ہیں۔ اس پلیٹ فارم کو شرکاء نے ثقافتی روابط کو وسعت دینے اور باہمی مفادات کے تحت مشترکہ اقدامات ترتیب دینے کے لیے اہم قرار دیا۔

Share This Article
کوئی تبصرہ نہیں ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے