آسیان اور پاکستان کے تعلقات میں مزید وسعت، فلپائن کے سفیر کی نظر سے
پاکستان 1993 سے آسیان کا سیکٹورل ڈائیلاگ پارٹنر ہے اور 2019 میں آسیان-پاکستان سیکٹورل ڈائیلاگ ریلیشنز فریم ورک کے تحت باقاعدہ تعاون کا آغاز ہوا۔ اس کے تحت تجارت، تعلیم اور عوامی روابط فروغ دینے جیسے اہداف طے کیے گئے ہیں۔ فلپائن، جو آسیان کا بانی رکن ہے، اس تعلق اور تعاون کو انتہائی اہمیت دیتا ہے۔
سفیر کے مطابق عالمی سطح پر امن اور خوشحالی کے حصول کے لئے پاکستان اور آسیان کے درمیان تعاون کو عملی شکل دینا وقت کا تقاضہ ہے۔ اس سلسلے میں اسلام آباد میں فلپائنی سفارتخانہ دیگر آسیان ممالک کے سفارتخانوں کے ساتھ مل کر عملی اقدامات اٹھا رہا ہے۔ معاشی میدان میں پاکستانی اداروں اور آسیان کے سفارتکاروں کے درمیان اعلیٰ سطحی مذاکرات کیے گئے جن میں حلال سرٹیفیکیشن، ایگری ٹیک اور پوسٹ ہارویسٹ ٹیکنالوجیز پر بات چیت ہوئی۔ خاص طور پر پاکستان کی جانب سے فلپائن کو ایک ملین میٹرک ٹن چاول سالانہ برآمد کرنے کی پیشکش کو اہم پیش رفت قرار دیا گیا، جس سے دونوں ممالک کے لیے تجارتی اور غذائی تحفظ کے امکانات بڑھیں گے۔
اس کے علاوہ لاہور میں ہونے والی ہیلتھ، انجینئرنگ اور منرلز شو میں فلپائنی اور پاکستانی کاروباری شخصیات نے ایک دوسرے سے ملاقاتیں کیں اور مختلف صنعتوں میں تعاون کے مواقع تلاش کیے۔
تجارتی روابط کے ساتھ ساتھ ثقافتی اور تعلیمی تعاون پر بھی بھرپور کام ہورہا ہے۔ اسلام آباد، لاہور اور کراچی میں فلم فیسٹیولز، لیکچرز اور سیمینارز کے ذریعے دونوں خطوں کی عوام کے درمیان بہتر تعلقات استوار کرنے پر توجہ دی جارہی ہے۔ اسی سلسلے میں کچھ تقریبات میں آسیان کی متفقہ فیصلہ سازی اور شمولیت کے ماڈل کو اجاگر کیا گیا، جو خطے میں امن اور ترقی کے لئے نہایت اہم سمجھے جاتے ہیں۔
تعلیمی میدان میں، جامعہ نسٹ اور کامسیٹس کے اشتراک سے ڈائیلاگز منعقد کیے گئے تاکہ کووڈ کے بعد کی دنیا میں آسیان کے معاشی اور سیاسی انضمام، اور پالیسی سازی پر گفتگو ہو سکے۔ اسی مقصد کے لئے انسٹی ٹیوٹ آف اسٹریٹجک اسٹڈیز اسلام آباد میں ’آسیان کارنر‘ قائم کیا گیا، جہاں فلپائن سمیت آسیان کے ممالک کی سفارتی اور انضمامی سرگرمیوں سے متعلق مواد دستیاب ہے۔
عوامی روابط کے فروغ کے لیے ویزہ اجرا میں بھی نمایاں اضافہ ہوا ہے جبکہ تعلیمی اور یوتھ پروگرامز جیسے ’آسیان اسٹڈی سرکلز‘ کے ذریعے نوجوانوں کے لیے مواقع بڑھائے جارہے ہیں۔
فلپائن کی حکومت نے واضح کیا ہے کہ وہ پاکستان کے ساتھ تعلیمی اداروں کے تعاون، پالیسی ڈائیلاگ اور موسمیاتی تبدیلی، علاقائی سلامتی اور ڈیجیٹل ترقی جیسے شعبوں میں مزید اشتراک کو فروغ دینے کے لیے پرعزم ہے۔
سفیر ڈاکٹر ایمانوئل کا کہنا تھا کہ آسیان-پاکستان تعلقات صرف ایک سفارتی معاملہ نہیں بلکہ ایک مضبوط پارٹنرشپ کی بنیاد ہیں جو انڈو پیسیفک کے تیزی سے بدلتے ہوئے حالات میں دونوں خطوں کے مفاد میں کلیدی کردار ادا کر سکتی ہے۔ فلپائن، پاکستان اور آسیان ممالک کے ساتھ مل کر پرامن، مضبوط اور مستقبل کی جانب بڑھتے ہوئے خطے کی تعمیر کے لئے اپنی کوششیں جاری رکھے گا۔
