بارانی زرعی یونیورسٹی راولپنڈی میں طلبہ کے لیے خودکار نظام "ون ونڈو سسٹم” کا افتتاح

newsdesk
4 Min Read
پیرمہرعلیشاہ ارڈ یونیورسٹی میں یک کھڑکی نظام کا اجرا، طلبہ اور سابق طلبہ کے لیے خودکار خدمات چوبیس گھنٹے دستیاب۔

بارانی زرعی یونیورسٹی راولپنڈی میں طلبہ کے لیے خودکار نظام "ون ونڈو سسٹم” کا افتتاح

پیر مہر علی شاہ بارانی زرعی یونیورسٹی راولپنڈی کے ڈائریکٹوریٹ آف آئی ٹی سروسز نے جدید "ون ونڈو سسٹم” کا باقاعدہ آغاز کر دیا، جو یونیورسٹی کے مکمل خودکار نظام کی طرف ایک اہم قدم ہے۔ یہ نظام موجودہ اور فارغ التحصیل طلبہ دونوں کے لیے تعلیمی و انتظامی امور کو مرکزی اور مؤثر انداز میں یکجا کرنے کے لیے تیار کیا گیا ہے، تاکہ سہولیات کی فراہمی مزید تیز، شفاف اور آسان ہو سکے۔

افتتاحی تقریب کے مہمانِ خصوصی چیئرپرسن پنجاب ہائر ایجوکیشن کمیشن پروفیسر ڈاکٹر اقرار احمد خان (ہلالِ امتیاز، ستارہ امتیاز) تھے جنہوں نے باقاعدہ طور پر ون ونڈو سسٹم کا افتتاح کیا۔ اس موقع ڈاکٹر اقرار احمد خان نے یونیورسٹی کی مستقبل بین سوچ اور ٹیکنالوجی کے مؤثر استعمال کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ قدم طلبہ کی سہولت، شفافیت اور کارکردگی میں نمایاں بہتری لائے گا۔ انہوں نے یونیورسٹی کے ڈائریکٹوریٹ آف آئی ٹی سروسز کے عملے کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ نظام ہزاروں طلبہ کے لیے خدمات تک آسان رسائی کو یقینی بنائے گا۔

وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر قمرالزماں نے اس موقع پر کہا کہ "ون ونڈو سسٹم” جامعہ کی وسیع ڈیجیٹل تبدیلی اور خودکار نظام کا اہم حصہ ہے، جس کا مقصد ڈیٹا کی درستی میں اضافہ اور طلبہ کو بامعنی اور فوری خدمات فراہم کرنا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ یہ اقدام جامعہ کے اس وژن سے مطابقت رکھتا ہے جس کے تحت تمام شعبہ جات میں ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کو فروغ دیا جا رہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ڈیجیٹل پلیٹ فارمز اور سیلف سروس کیوسک طلبہ کو معلومات حاصل کرنے، درخواستوں کی پیش رفت جانچنے، اور مختلف امور کی انجام دہی میں 24 گھنٹے سہولت فراہم کریں گے۔ وائس چانسلر صاحب کا مزید کہنا تھا کہ جامعہ نے پہلے ہی متعدد بنیادی شعبوں جیسے داخلہ، امتحانات، طلبہ کے ریکارڈ، فیس مینجمنٹ اور حاضری کو ڈیجیٹل نظام کے تحت خودکار بنا دیا ہے۔ "ون ونڈو سسٹم” ان تمام خدمات کو ایک ہی پلیٹ فارم پر یکجا کرتا ہے، جس سے طلبہ کو مطلوبہ سہولیات بآسانی اور فوری طور پر دستیاب ہوں گی۔

ڈائریکٹر آئی ٹی سروسز ڈاکٹر ندیم احمد ملک نے اس موقع پر کہا کہ ڈائریکٹوریٹ آف آئی ٹی سروسز جامعہ کے تمام نظاموں میں مزید جدت اور بہتری کے لیے پُرعزم ہے، تاکہ طلبہ، اساتذہ اور عملہ ٹیکنالوجی پر مبنی جدید اور مؤثر سہولیات سے مستفید ہو سکیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ "ون ونڈو سسٹم” کا آغاز جامعہ کی مکمل خودکاری کے سفر میں ایک اہم سنگِ میل کی حیثیت رکھتا ہے، جو یونیورسٹی کے عزم، جدت اور طلبہ کی سہولت پسندی کی واضح علامت ہے۔

Read in English: Arid University Inaugurates One Window System to Facilitate Current and Alumni Students

Share This Article
1 تبصرہ

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے