امریکی قونصل خانے پشاور، ایلینور روزویلٹ کارنر اور لنکن کارنر پشاور کے اشتراک سے ایک تین روزہ گرمیوں کا قیادت کیمپ منعقد ہوا جس کا مقصد طلبہ کو امریکی ٹیکنالوجی، جدت اور معاشی سرگرمیوں سے متعارف کرانا تھا۔ اس کیمپ میں ہزارہ یونیورسٹی، انسٹیٹیوٹ آف مینجمنٹ سائنسز اور شہید بینظیر بھٹو ویمن یونیورسٹی پشاور کے 40 ذہین اور باصلاحیت طلبہ نے شرکت کی۔
کیمپ کے دوران امریکی قونصل خانے کے پبلک ڈپلومیسی عملے اور تینوں جامعات کے اساتذہ نے مختلف موضوعات پر متحرک اور بھرپور سیشنز منعقد کیے۔ ان سیشنز میں ڈیجیٹل کمیونیکیشن اسکلز، ٹیکنالوجی، کاروباری مہارتیں، سماجی ذمہ داری، نوجوانوں کی قیادت اور تاریخ و ثقافت کے تحفظ جیسے اہم موضوعات شامل تھے۔
منتظمین نے اس کیمپ کی میزبانی کرنے پر ہزارہ یونیورسٹی کے حکام کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ نوجوان لیڈرز کو جدید مہارتیں اور تجربات فراہم کرنا سفارتی سرگرمیوں کا اہم مقصد ہے، تاکہ مستقبل میں دونوں ممالک کے درمیان باہمی تعاون اور اقتصادی روابط کو فروغ دیا جا سکے۔
