الخدمت کا IVD 3.0 کا آغاز، پانچ ہزار طلبہ کا ہدف، ملک بھر میں ستر ہزار رضاکار، عالمی امدادی سرگرمیوں پر 22 ارب روپے خرچ

newsdesk
6 Min Read
الخدمت نے تیسرے بین الاقوامی رضاکار دن کی تیاریاں شروع کر دیں، ساٹھ جامعات کے پانچ ہزار طلبہ اور ملک بھر کے ستر ہزار رضا کار رجسٹرڈ ہیں۔

الخدمت کا IVD 3.0 کا آغاز، پانچ ہزار طلبہ کا ہدف، ملک بھر میں ستر ہزار رضاکار، عالمی امدادی سرگرمیوں پر 22 ارب روپے خرچ

راولپنڈی: الخدمت فاؤنڈیشن نے انٹرنیشنل وولنٹیر ڈے (IVD) 3.0 کی تیاریوں کا باضابطہ آغاز کرتے ہوئے نوجوانوں کی قومی سطح پر متحرک شمولیت کا بھرپور اعلان کیا ہے۔ تنظیم کے مطابق ساٹھ جامعات کے پانچ ہزار سے زائد طلبہ، شمالی پنجاب کے آٹھ ہزار رضاکار، اور ملک بھر سے ستر ہزار سے زیادہ رضاکار اس وقت پاکستان کے سب سے بڑے فلاحی وولنٹیر ایونٹ کے لیے رجسٹر ہو چکے ہیں۔ پریس بریفنگ میں الخدمت فاؤنڈیشن شمالی پنجاب کے صدر رضوان احمد نے ادارے کی بڑھتی ہوئی انسانی خدمت، عالمی سطح پر اربوں روپے کی ریلیف سرگرمیوں اور نوجوانوں کو مایوسی سے نکال کر مثبت قومی کردار کی جانب لانے کے عزم پر روشنی ڈالی۔

صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے رضوان احمد نے بتایا کہ IVD 3.0 کا مقصد پاکستانی نوجوانوں کی توانائی کو آئی ٹی، ڈیجیٹل اسکلز، وولنٹیر لیڈرشپ اور کمیونٹی ویلفیئر منصوبوں کے ذریعے صحیح سمت دینا ہے۔ انہوں نے کہا کہ الخدمت کی پہچان خدمت، شفافیت اور اعتماد پر قائم ہے اور ادارہ عالمی سطح پر پاکستان کی انسانیت دوستی کی علامت بن چکا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ دنیا بھر میں آنے والی آفات میں الخدمت کو مدعو کیا جاتا ہے، اور ترکی و افغانستان میں سرچ اینڈ ریسکیو مشنز کے دوران پاکستان کی ساکھ مضبوط ہوئی۔

بریفنگ میں عالمی فلاحی سرگرمیوں سے متعلق اہم مالی انکشافات بھی سامنے آئے۔ رضوان احمد نے بتایا کہ ابھی تک صرف غزہ کے ریلیف آپریشنز پر سات ارب روپے خرچ کیے جا چکے ہیں، جبکہ “ریبلڈ غزہ” منصوبے کے تحت اس رقم کو پندرہ ارب روپے تک بڑھانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ الخدمت کے تعاون سے پاکستانی جامعات میں زیرِ تعلیم 350 فلسطینی طلبہ میں 195 میڈیکل کے طلبہ بھی شامل ہیں، جنہیں حکومت پاکستان، پی ایم ڈی سی اور ایچ ای سی کے اشتراک سے مکمل معاونت فراہم کی جا رہی ہے۔

رضوان احمد کا کہنا تھا کہ پاکستان کی انسانی خدمت کی قوت ایک قومی اثاثہ ہے جسے نوجوانوں کے ذریعے مزید مضبوط کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ “پاکستان سے زندہ بھاگ” جیسی مایوسی کو ختم کر کے نوجوانوں میں خدمت، خود انحصاری اور قیادت کا جذبہ بیدار کرنا ناگزیر ہے۔ انہوں نے بتایا کہ شمالی پنجاب میں الخدمت کے بانو قابل پروگراموں میں دو ملین سے زائد افراد کی شرکت اس بات کا ثبوت ہے کہ کمیونٹی کی قیادت میں چلنے والے منصوبوں کو عوام بڑی تعداد میں قبول کر رہے ہیں۔

پریس بریفنگ میں IVD 3.0 کے انتظامی ڈھانچے پر بھی تفصیل سے روشنی ڈالی گئی۔ تنظیم کے مطابق ڈیجیٹل پورٹل کے ذریعے پندرہ سو سے زائد آن لائن رجسٹریشنز موصول ہو چکی ہیں، جبکہ شمالی پنجاب کے بارہ اضلاع سے ایک ہزار سے زائد شرکا اپنی شرکت کی تصدیق کر چکے ہیں۔ ہر یونیورسٹی میں 10 سے 20 طلبہ پر مشتمل وولنٹیر ایمبیسڈر ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں جو کیمپس میں آگاہی مہمات اور رجسٹریشن ڈیسک چلائیں گی۔ انہیں بریفنگ میں بروشرز، پوسٹرز اور اسٹینڈیز بھی فراہم کیے گئے۔

صحافیوں کے سوالات کا جواب دیتے ہوئے رضوان احمد نے بتایا کہ رضاکاروں کی بھرتی آن لائن پورٹل کے ذریعے کی جا رہی ہے اور ہر فرد کو اس کی مہارت کے مطابق منصوبوں پر تعینات کیا جاتا ہے۔ انجینئرز، اساتذہ، ڈاکٹرز اور مختلف شعبوں کے ماہرین اپنی مہارت کے مطابق فلاحی منصوبوں میں حصہ لے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بیرون ملک پاکستانی کمیونٹی بھی بڑی تعداد میں معاونت فراہم کرتی ہے اور الخدمت کی سرگرمیوں میں نمایاں حصہ ڈالتی ہے۔

اس موقع پر “Serve Humanity, Build Pakistan” کے فلسفے کو بھی نمایاں کیا گیا۔ رضوان احمد نے کہا کہ قیادت سرکاری عہدے سے نہیں بلکہ خدمت کے جذبے سے جنم لیتی ہے۔ الخدمت نے ثابت کیا ہے کہ ایک این جی او ہوتے ہوئے بھی ملک میں آنے والی ہر آفت میں سب سے آگے کھڑا ہونا ممکن ہے اور اصل طاقت نیت، خدمت اور عمل میں ہے۔

تقریب کے اختتام پر یونیورسٹی ایمبیسڈرز کو ہدایات دی گئیں کہ وہ اپنے کیمپس میں ویڈیو بیانات ریکارڈ کریں، پروموشنل مواد اپ لوڈ کریں اور IVD 3.0 کے لیے بھرپور سرگرمی کے ساتھ نوجوانوں کو منظم کریں۔

Read in English: Al Khidmat Launches IVD 3.0 Drive with 5,000 Youth Target and 70,000 Volunteers Nationwide

Peak Point E-Paper – Peak Point
Share This Article
1 تبصرہ

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے