علی بابا ڈاٹ کام نے پاکستانی ایکسپورٹرز کو اعزازات دیے اور ٹریڈ ایشورنس میں اہم اپڈیٹس متعارف کروائیں

newsdesk
5 Min Read

علی بابا ڈاٹ کام نے پاکستانی برآمد کنندگان کو اعزازات سے نوازا، ٹریڈ ایشورنس 2.0 سروس متعارف

علی بابا ڈاٹ کام، جو عالمی سطح پر ایک معروف بی ٹو بی ای کامرس پلیٹ فارم ہے، نے سیالکوٹ میں کے ای ایل ایوارڈز کی تقریب میں پاکستان کے بہترین ای کامرس کاروباروں کو اعزازات سے نوازا۔ اس موقع پر کمپنی نے اپنی اپڈیٹ شدہ ٹریڈ ایشورنس 2.0 سروس بھی متعارف کروائی، جس کا مقصد پاکستانی برآمد کنندگان کو بین الاقوامی تجارت میں زیادہ سہولت اور تحفظ فراہم کرنا ہے۔

نئی ٹریڈ ایشورنس سروس پاکستانی کاروباروں کی خصوصی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے ڈیزائن کی گئی ہے۔ اس میں کم ٹرانزیکشن فیس، مفت رقم نکلوانے کی سہولت، زیادہ آرڈر اور کریڈٹ لمٹ، اور ادائیگی کے اضافی ذرائع شامل ہیں۔ اس قدم سے مقامی کاروبار بین الاقوامی خریداروں کے ساتھ زیادہ آسانی اور اعتماد کے ساتھ تجارت کر سکیں گے۔ علی بابا ڈاٹ کام کے گلوبل سپلائی چین سروسز کے سربراہ سمر گاؤ کے مطابق پاکستان میں اس سروس کو اس لیے بہتر بنایا گیا ہے تاکہ مقامی کاروبار قیمت اور کریڈٹ سے متعلق مسائل کو عبور کر کے عالمی مارکیٹ میں نمایاں ترقی کر سکیں۔

ایوارڈز کی اس تقریب میں چھ ممتاز پاکستانی ایکسپورٹرز کو نمایاں کامیابیوں پر سراہا گیا۔ ہر فائنلسٹ نے اپنے تجربات اور علی بابا ڈاٹ کام پلیٹ فارم پر کامیابی کے اسباب پر روشنی ڈالی۔ ان کمپنیوں کا دائرہ کار ملبوسات سے لے کر سرجیکل سامان تک پھیلا ہوا تھا۔ دو مرکزی کیٹیگریز میں ایوارڈز دیے گئے: گلوبل ٹریڈ انوویٹرز اور ای کامرس ایکسپورٹ ماسٹرز۔ اس سال کے سب سے بڑے اعزاز یافتگان میں محمد عثمان حمیون (گرے راکس انٹرپرائز)، حیدر علی (ایم پیکس پاکستان)، اور محمد اعظم رحمت (مینگو فیشن) شامل ہیں۔ اس کے علاوہ، عوامی رائے شماری کے ذریعے محمد وسیم (بلو ہینڈز انٹرنیشنل) کو پیپلز چوائس ایوارڈ دیا گیا۔

ججز پینل میں معروف شخصیات شامل تھیں جنہوں نے میرٹ پر فاتحین کا انتخاب کیا، ان میں سیالکوٹ چیمبر آف کامرس کے نائب صدر عمر خالد، نیشنل انکیوبیشن سینٹر اسلام آباد کے پروجیکٹ ڈائریکٹر سید احمد مسعود، ای کامرس ماہر عثمان چغتائی، علی بابا ڈاٹ کام کے ہیڈ آف پاکستان بزنس بیری ما اور سمر گاؤ شامل تھے۔ بیری ما نے کہا کہ یہ ایوارڈز صرف مقابلہ نہیں بلکہ پاکستانی ایس ایم ایز کی تخلیقی صلاحیت اور استقامت کا جشن بھی ہیں۔ ان کے مطابق، علی بابا ڈاٹ کام پاکستانی برآمد کنندگان کو عالمی منڈی تک پہنچنے میں ہر ممکن مدد فراہم کرتا رہے گا۔

ایک نمایاں فائنلسٹ محمد اعظم رحمت (مینگو فیشن) نے اپنی کہانی شیئر کی، جو اس بات کی عکاسی کرتی ہے کہ کیسے جدت اور عزم کے ساتھ ای کامرس میں بڑی کامیابی حاصل کی جا سکتی ہے۔ ایک کسان کے بیٹے کے طور پر انہوں نے 2020 میں اپنے صرف دو افراد کے لباس کے کاروبار کا آغاز کیا لیکن عالمی مارکیٹ میں جگہ بنانا ان کے لیے تقریباً ناممکن تھا۔ 2021 میں علی بابا ڈاٹ کام جوائن کرنے کے بعد کمپنی کو منفرد ‘ویری فائیڈ’ ٹیگ ملا جس نے بین الاقوامی خریداروں میں ان کا اعتماد بڑھا دیا۔ اس کے نتیجے میں نہ صرف ان کی سیلزمیں 200 فی صد سالانہ اضافہ ہوا بلکہ کئی بڑی ڈیلز بھی ہوئیں، جن میں ایک آرڈر ساڑھے باسٹھ ہزار ڈالرز سے زائد کا شامل ہے۔ آج مینگو فیشن امریکہ، یورپ، آسٹریلیا اور کینیڈا تک برآمدات کر رہا ہے اور یہ ساری کامیابی ڈیجیٹل ٹولز کے مؤثر استعمال کی مثال ہے۔

فائنل میں شامل دوسرے کامیاب کاروباروں میں بلو ہینڈز انٹرنیشنل، ایم پیکس پاکستان، موئیتے اسپورٹس، پروڈیوسنگ پیک، اور گرے راکس انٹرپرائز شامل تھے۔

علی بابا ڈاٹ کام کی بنیاد 1999 میں رکھی گئی تھی اور یہ آج دنیا کے دو سو سے زائد ممالک اور خطوں میں خرید و فروخت کے لیے ایک بڑا پلیٹ فارم بن چکا ہے۔ کمپنی دنیا بھر کے کاروباری اداروں کو اپنے پراڈکٹس عالمی منڈی تک لے جانے کے بہترین مواقع فراہم کرتی ہے اور خریداروں کو آسانی سے آرڈر اور فراہمی کی سہولت دیتی ہے۔

Share This Article
کوئی تبصرہ نہیں ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے