اسلام آباد: الجزائر کے سابق صدر لیامین زیروال کے انتقال پر اسلام آباد میں قائم الجزائر کے سفارتخانے میں تعزیت کا سلسلہ جاری رہا، جہاں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی پاکستانی شخصیات نے بڑی تعداد میں آ کر اپنے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔
سفارتخانے میں دن بھر حکومت، پارلیمنٹ، وزارتِ خارجہ، سفارتی حلقوں، میڈیا اور دیگر شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد کی آمد کا سلسلہ جاری رہا، جنہوں نے 29 مارچ 2026 کو انتقال کرنے والے سابق صدر کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔
لیامین زیروال 84 برس کی عمر میں طویل علالت کے بعد انتقال کر گئے تھے۔ وہ 1994 سے 1999 تک الجزائر کے صدر رہے اور اس دوران ملک کو "سیاہ دہائی” کے بحران سے نکالنے اور قومی مفاہمتی قانون کے ذریعے استحکام کی راہ پر گامزن کرنے میں اہم کردار ادا کیا۔
الجزائر کے سفارتخانے کی جانب سے تعزیتی کتاب کھولی گئی تاکہ پاکستانی عوام الجزائر کے دکھ میں شریک ہو سکیں۔ اس سلسلے میں چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے 2 اپریل کو سفارتخانے کا دورہ کیا اور تعزیتی کتاب میں اپنے تاثرات قلمبند کیے۔
اس موقع پر الجزائر کے سفیر ڈاکٹر ابراہیم رمانی نے چیئرمین سینیٹ اور ان کے ہمراہ وفد کا استقبال کیا، جس میں انٹر پارلیمانی اسپیکرز کانفرنس میں پاکستان کی سفیر مصباح کھر بھی شامل تھیں۔
سید یوسف رضا گیلانی نے اپنے پیغام میں مرحوم صدر کو زبردست خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ لیامین زیروال ایک عظیم مدبر رہنما تھے جنہوں نے اپنے ملک کو مشکل حالات سے نکال کر جمہوریت اور ترقی کی راہ پر گامزن کیا۔ انہوں نے کہا کہ مرحوم کی زندگی دنیا بھر کے رہنماؤں کے لیے ایک مثال ہے اور نئی نسل کو ان کی جدوجہد سے سبق حاصل کرنا چاہیے۔
وزیرِاعظم کے معاونِ خصوصی برائے امورِ خارجہ طارق فاطمی اور وزارتِ خارجہ کے ایڈیشنل سیکرٹری حامد اصغر خان نے بھی سفارتخانے کا دورہ کیا اور الجزائر کے سفیر سے ملاقات کرتے ہوئے تعزیت کا اظہار کیا۔
اس موقع پر مختلف ممالک کے سفیروں اور ہائی کمشنرز نے بھی بڑی تعداد میں سفارتخانے آ کر اپنے تعزیتی پیغامات درج کیے۔ ان میں ترکمانستان، مصر، لیبیا، ایتھوپیا، تیونس، صومالیہ، روانڈا، رومانیہ، سری لنکا، یمن، عمان، فلسطین اور انڈونیشیا سمیت دیگر ممالک کے سفارتی نمائندگان شامل تھے۔
تقریب کے دوران عالمی برادری کی جانب سے الجزائر کے عوام کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا گیا اور مرحوم رہنما کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔
