نیشنل پریس کلب اسلام آباد میں سینئر صحافی اور سابق ممبر گورننگ باڈی این پی سی علمدار بلوچ کی والدہ کے ایصال ثواب کے لیے دعائیہ تقریب منعقد ہوئی جہاں صحافتی و سماجی حلقوں نے شرکت کر کے افسوس و تعزیت کا اظہار کیا۔تقریب میں پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما اور سابق سینیٹر فرحت اللہ بابر، پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس کے صدر افضل بٹ، این پی سی کے صدر اظہر جتوئی، آر آئی یو جے کے صدر طارق علی ورک کے علاوہ سابق صدور مبارک زیب خان، عامر سجاد سید، این پی سی کے جوائنٹ سیکرٹری جاوید بھاگٹ، سید عون شیرازی اور سینئر صحافیوں اور دوست احباب کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔شرکاء نے مرحومہ کے ایصال ثواب کے لیے دعائیں کیں اور علمدار بلوچ سے اظہار تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ والدین قدرت کا انمول تحفہ ہوتے ہیں اور ان کی جدائی انتہائی کرب اور غم کا لمحہ ہوتا ہے جس کا خلا پورا کرنا مشکل ہوتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ دعا ہے اللہ تعالیٰ مرحومہ کو کامل بخشش و مغفرت عطا فرمائے اور تمام لواحقین کو صبر جمیل عنایت کرے۔علمدار بلوچ نے اس موقع پر شریک ہونے والے تمام احباب، ساتھیوں اور دوستوں کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ ان کے دکھ میں ساتھ دینے پر وہ ممنون ہیں۔ دعا کی محفل میں شریک ہونے والوں نے بھائی چارگی اور ہم دردانہ رویہ کا مظاہرہ کیا۔
