گلگت بلتستان میں آغا خان ڈویلپمنٹ نیٹ ورک کا امدادی کردار

newsdesk
3 Min Read

گلگت بلتستان کے وزیر اعلیٰ حاجی گلبر خان نے صوبے میں آغا خان ڈویلپمنٹ نیٹ ورک (AKDN) کے کردار کو سراہتے ہوئے سیلاب متاثرین کی بحالی اور مختلف شعبوں میں جاری ترقیاتی اقدامات پر تبادلہ خیال کیا۔ انہوں نے صدر اسماعیلی کونسل برائے پاکستان نزار میواوالا، سی ای او سرینا ہوٹلز عزیز بولانی، اور سی ای او AKDN پاکستان اختر اقبال سے ملاقات کی، جس میں تعلیم، صحت، قدرتی آفات، موسمیاتی تبدیلی اور سول سوسائٹی کے شعبوں میں نیٹ ورک کی خدمات کی تعریف کی گئی۔

وزیر اعلیٰ نے پرنس رحیم آغا خان کے نام ایک خصوصی خط لکھا تھا جس میں حالیہ سیلاب کے بعد متاثرہ علاقوں میں بحالی کے لیے امداد کی درخواست کی گئی۔ اس موقع پر صدر اسماعیلی کونسل نزار میواوالا نے اپنے گہرے ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے یقین دلایا کہ AKDN کی ایجنسیاں سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں مکمل تعاون فراہم کریں گی اور وہاں کی کمیونٹیز کو دوبارہ منظم و مضبوط کرنے کے لیے اہم کردار ادا کریں گی۔

آغا خان ڈویلپمنٹ نیٹ ورک نے گلگت بلتستان میں سات اسکولوں کی ابتدائی بحالی، مرمت اور ماحولیاتی تقاضوں کے مطابق جدید انداز میں دوبارہ تعمیر (گرین ریٹروفٹنگ) کرنے کا اعلان کیا۔ سیلاب سے متاثرہ سرکاری صحت مراکز میں شمسی توانائی کے نظام اور سولر سہولیات کی مرمت و بحالی کی جائے گی۔ پینے کے صاف پانی کی فراہمی اور حفاظتی انفراسٹرکچر کی مرمت میں بھی تعاون فراہم کیا جائے گا۔ اس کے علاوہ، سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں آٹھ کمیونٹی ایمرجنسی ریسپانس ٹیمیں قائم کی جائیں گی تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں بروقت مدد فراہم کی جا سکے۔

متاثرہ علاقوں میں صحت کی سہولیات مہیا کرنے والے اداروں کو طبی سامان اور آلات فراہم کیے جائیں گے، جبکہ موبائل ہیلتھ یونٹس کے ذریعے مقامی آبادی کو معیاری علاج کی سہولت مہیا کی جائے گی۔ اس کے ساتھ ساتھ جلد ہی سیلاب زدہ علاقوں میں 3000 کم غذائیت کا شکار بچوں اور خواتین کی نشاندہی اور ان کے علاج کا آغاز بھی کیا جائے گا، تاکہ متاثرہ آبادی کی صحت و فلاح کو یقینی بنایا جا سکے۔

Share This Article
کوئی تبصرہ نہیں ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے