پاکستانی ہاکی کے نوجوان کھلاڑی عدیل کو جرمنی کے معروف ویسباڈینر ہاکی کلب میں کھیلنے کا موقع مل گیا ہے۔ اس پیش رفت پر پاکستان اور جرمنی میں ہاکی کے حلقوں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے، جبکہ پاکستانی شائقین اس اعزاز کو دونوں ممالک کے دوستانہ تعلقات کی ایک روشن مثال قرار دے رہے ہیں۔
عدیل کے جرمن ہاکی کلب میں شمولیت کو پاکستانی نوجوانوں کے لیے حوصلہ افزا قرار دیا جارہا ہے۔ عدیل کے کوچ محب کو بھی اس کامیابی میں اہم کردار ادا کرنے پر سراہا گیا ہے۔ جرمنی میں پاکستانی سفارت خانے نے عدیل اور ان کے کوچ محب کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ عدیل پہلے ہی پاک جرمن دوستی کی ایک فخر انگیز مثال بن چکے ہیں۔
ویسباڈینر ہاکی کلب کے ساتھ عدیل کا کھیل میں شامل ہونا نہ صرف ان کے ذاتی کیرئیر کے لیے اہم سنگ میل ہے، بلکہ اس سے پاکستان میں ہاکی کے فروغ اور پاکستانی کھلاڑیوں کی بین الاقوامی سطح پر پذیرائی میں بھی اضافہ ہوگا۔ امید ظاہر کی جارہی ہے کہ عدیل اپنے کھیل اور محنت سے دونوں ممالک کے لیے مزید فخر کا باعث بنیں گے۔
