راولپنڈی میں ہارٹیکلچر ایجنسی اپنے نرسریز کے ذریعے مختلف اقسام کے پودوں اور پھولوں کی افزائش، پیداوار اور نگہداشت کا عمل سخت نظم و ضبط کے ساتھ جاری رکھے ہوئے ہے۔ ادارے کے سربراہ کی ہدایات کے تحت یہ کوشش کی جا رہی ہے کہ شہر کی سبزکاری کے منصوبوں کے لیے پودوں کی دستیابی میں خود کفالت قائم ہو اور شہر کی خوبصورتی میں مستقل اضافہ ممکن بن سکے۔نرسریز میں روزانہ بنیاد پر سایہ دار درختوں، سجاؤٹی پودوں اور موسمی پھولوں کی کاشت اور پرورش کی جا رہی ہے تاکہ پارکوں، گرین بیلٹس اور سڑک کناروں پر لگانے کے لیے اعلیٰ معیار کے پودے بروقت فراہم کیے جائیں۔ ہارٹیکلچر ایجنسی اپنی تیاریوں میں معیار اور دیرپا بڑھوتری کو مقدم رکھ رہی ہے تاکہ پودے شہر کے موسمیاتی حالات کا بہتر طور پر مقابلہ کر سکیں۔نرسریز کے ورکرز پودوں کی نگہداشت اور افزائش کے عمل میں مہارت سے کام انجام دے رہے ہیں اور تیار شدہ پودے شہر کے مختلف علاقوں میں لگا کر سبز فضا کو فروغ دیا جا رہا ہے۔ اس سے نہ صرف شہر کی جمالیاتی بہتری ممکن ہوئی ہے بلکہ شہری ماحول میں بھی نمایاں بہتری نظر آ رہی ہے۔احمد حسن رانجھا نے بتایا کہ نرسریز سے پارکوں اور گرین بیلٹس کی پودا کاری کی ضروریات پوری کی جا رہی ہیں اور ہارٹیکلچر ایجنسی راولپنڈی پنجاب حکومت کے وژن کے مطابق شہر کو سرسبز بنانے کے عزم پر کاربند ہے۔ اُنہوں نے مزید کہا کہ سرد موسم کی آمد کے پیش نظر پودوں اور پھولوں کی حفاظت کے اقدامات کو بھی مؤثر انداز میں نافذ کیا جا رہا ہے۔
